1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی میں 131 مقامات پر جنگلاتی آگ، رہائشیوں کی منتقلی

17 اگست 2024

ترکی کے مغربی حصے میں کم از کم چار شہروں اور صوبوں میں جنگلات میں لگی آگ کے باعث تقریباﹰ چار ہزار رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

Türkei Waldbrände bei Izmir
تصویر: Idil Toffolo/IMAGO

ترکی کی ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے 'اے ایف اے ڈی‘ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ازمیر، ایڈن، بولو، موگلہ اور منیسا نامی شہروں سمیت کل 131 مقامات پر جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی، جن میں زرعی اور جنگلاتی زمین شامل ہے۔

ترکی ميں جنگلاتی آگ: سازش يا موسمياتی تبديليوں کا نتيجہ؟

جنوبی ترکی کی جنگلاتی آگ، ہلاکتیں چار ہو گئیں

ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق ترکی کے تیسرے سب سے بڑے شہر ازمیر میں جمعہ کی شب جنگلاتی آگ ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس اور صنعتی علاقے تک پہنچ گئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

ازمیر کے علاقے یامانلر میں جمعہ کو رات گئے 17 اپارٹمنٹس اس آگ کی لپیٹ میں آ گئے جبکہ 105 مکانات اور 44 کاروباری مراکز کو خالی کرا لیا گیا۔ تصویر: Idil Toffolo/IMAGO

ازمیر کے علاقے یامانلر میں جمعہ کو رات گئے 17 اپارٹمنٹس اس آگ کی لپیٹ میں آ گئے جبکہ 105 مکانات اور 44 کاروباری مراکز کو خالی کرا لیا گیا۔ یہ بات ترکی کے وزیر برائے زراعت و جنگلات، ابراہیم یوماکلی نے آج ہفتہ 17 اگست کی صبح ازمیر میں نامہ نگاروں کو بتائی۔

یوماکلی کے بقول ازمیر میں لگی آگ آج صبح تک رہائشی مرکز کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 13 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے امدادی ٹیمیں جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

ترک وزیر نے مزید کہا کہ اب تک، ازمیر میں اس آگ نے 1,600 ہیکٹر اراضی کو نقصان پہنچایا ہے۔

دریں اثنا جنگلاتی آگ سے متعلق مشتبہ تخریب کاری کے الزام میں چھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں سے دو ازمیر میں اور چار شمال مغربی شہر بولو سے ہیں۔

آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی۔

ازمیر کے علاقے یامانلر میں جمعہ کو رات گئے 17 اپارٹمنٹس اس آگ کی لپیٹ میں آ گئے جبکہ 105 مکانات اور 44 کاروباری مراکز کو خالی کرا لیا گیا۔ تصویر: Depo Photos/abaca/picture alliance

ترکی کو رواں موسم گرما کے دوران ہیٹ ویو کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔ اس وقت ترکی بھر میں کم از کم چھ علاقوں میں جنگلاتی آگ لگی ہوئی ہے۔

ا ب ا / ع ب (ڈی پی اے، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں