ترک حکام کا کہنا ہے کہ پیغام رسانی کے پلیٹ فارم ڈسکارڈ نے 'مجرمانہ مواد' سے متعلق درخواست پر معلومات دینے سے انکار کر دیا۔ ایک روز قبل ہی روس نے بھی اس امریکی پلیٹ فارم پر پابندی عائد کر دی تھی۔
اشتہار
ترکی میں کمیونیکیشن اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ بی ٹی کے پر شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق انقرہ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ڈسکارڈ' تک رسائی کو روک دیا ہے۔
ملک کے وزیر انصاف یلماز تنک کا کہنا کہ انقرہ کی ایک عدالت نے ترکی سے ڈسکارڈ تک رسائی کو روکنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ اس پر اس بات کا کافی شبہ ہے کہ اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے کچھ لوگوں کے ذریعہ "بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور فحاشی" جیسے جرائم کیے گئے ہیں۔
وزیر انصاف یلماز تنک نے سوشل میڈیا ایکس پر اس حوالے سے لکھا، "ہم اپنے نوجوانوں اور اپنے بچوں کو۔۔۔۔ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر نقصان دہ اور مجرمانہ قسم کی اشاعتوں سے بچانے کے لیے پرعزم ہیں۔"
روس میں بھی ٹیلی کام کی نگرانی کرنے والے ادارے نے منگل کے روز 'ڈسکارڈ ' پر یہ کہتے ہوئے پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا کہ اس اقدام کا مقصد "دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مقاصد کے لیے پیغام رسانی کے استعمال کو روکنا ہے۔"
امریکہ کے سان فرانسسکو میں قائم کمپنی ڈسکارڈ نے اس حوالے سے اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹ میں کہا کہ "ہم روس اور ترکی میں ڈسکارڈ کے ناقابل رسائی ہونے کی اطلاعات سے آگاہ ہیں۔ ہماری ٹیم اس وقت ان رپورٹس کی چھان بین کر رہی ہے۔"
حکومت نے پیغام رسانی کی اس ایپ پابندی کا فیصلہ جمعے کے روز استنبول میں ایک 19 سالہ نوجوان کے ہاتھوں دو خواتین کے قتل پر ترکی میں عوامی غم و غصے کے بعد اٹھایا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسکارڈ کے کچھ صارفین نے اس قتل کی تعریف کی تھی۔
ٹرانسپورٹیشن اور انفراسٹرکچر کے وزیر عبدالقادر یورالوگلو نے کہا کہ ڈسکارڈ پلیٹ فارم کی نوعیت ایسی ہے کہ غیر قانونی یا مجرمانہ مواد شیئر کرنے پر حکام کے لیے اس کی نگرانی کرنے یا اس میں مداخلت کرنا کافی مشکل ہے۔
انہوں نے کہا، "چونکہ ڈسکارڈ آئی پی ایڈریسز اور مواد سمیت اپنی معلومات ہمارے سکیورٹی یونٹس کے ساتھ شیئر کرنے سے انکار کرتا ہے، اس لیے ہمیں رسائی کو بلاک کرنے پر مجبور کیا گیا۔"
ترکی نے اگست میں بچوں کے لیے نقصان دہ مواد کا حوالہ دیتے ہوئے ویڈیو گیم پلیٹ فارم روبلوکس تک بھی رسائی پر پابندی لگا دی تھی، جبکہ کئی دنوں تک انسٹاگرام تک رسائی کو بھی بند کر دیا تھا۔
ڈسکارڈ امریکہ میں قائم ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے، جو ویڈیو گیم کے شائقین میں بہت مقبول ہے اور اس کے تقریباً 150 ملین صارفین ہیں۔
ڈسکارڈ ٹیکسٹ، آڈیو اور ویڈیو شیئر کرنے کے لیے بھی ایک مفت پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اسے بہت سی کمپنیاں داخلی پیغام رسانی کے نظام کے طور پر بھی استعمال کرتی ہیں اور یہ ان لوگوں کے لیے ایک متبادل بن چکا ہے، جو ایکس اور فیس بک سے منہ موڑ چکے ہیں۔
ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز)
کاپاڈوکیا (کاپاڈوشیا): پریوں کے دیس کا سفر
ترکی کے علاقے اناطولیہ کے وسطی حصے میں انتہائی شاندار زمینی منظر کا حامل مقام کاپاڈوکیا (کاپاڈوشیا) ہے۔ اس میں واقع چٹانوں کی تشکیل عجیب و غریب ہے۔ زمین سے دیکھیں یا فضا سے، ہر صورت میں ان کا منظر قابلِ تعریف ہے۔
تصویر: Behcet Alkan/AA/picture alliance
اُوچیسار میں طلوعِ آفتاب
وسطی اناطولیہ کے تاریخی مقام کاپاڈوکیا (کاپاڈوشیا) میں انسانی سرگرمیاں تین ہزار قبل از مسیح شروع ہوئی تھیں۔ یہ ترکی کے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ اس کو سن 1985 میں یونیسکو نے عالمی ورثے میں شامل کیا تھا۔ اُوچیسار قلعے کا بیشتر تعمیراتی ڈھانچہ زیر زمین رہائش گاہوں اور راہ داریوں پر مشتمل ہے۔ یہ اس علاقے کا بلند ترین مقام بھی ہے۔
تصویر: Chris McGrath/Getty Images
فنکارانہ مہارت اور کلچر
یہ نوشہر میں قالین اور سووینیئر فروخت کرنے کی ایک دوکان ہے۔ قالین میں انتہائی باریک تفصیلات قابلِ تعریف ہیں۔ یہ تفصیلات دیکھنے والے کو کسی اور دور میں لے جاتی ہیں۔
تصویر: Chris McGrath/Getty Images
شاندار منظر
کاپاڈوکیا (کاپاڈوشیا) کے نیشنل پارک کے وسط میں ایک چھوٹا سا قصبہ گورمے ہے۔ اس میں غاروں کے اندر کئی پرسکون رہائشی گاہیں واقع ہیں۔ یہاں گرم ہوا والے غبارے (ہاٹ ائیر بیلون) کی پرواز میں سوار ہو کر زمینی منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر: Zoonar/picture alliance
پریوں والی چمنیوں پر سفر
ہاٹ ایئر بیلون کی کاپاڈوکیا (کاپاڈوشیا) پر پرواز حقیقت میں جادوئی تجربہ خیال کیا جاتا ہے۔ طلوع آفتاب سے قبل پرواز کرنے والے ان ہاٹ ایئر بیلونز سے سورج کے طلوع ہونے کا منظر اور بلند ستونوں اور چمنیوں کا نظارہ غیر معمولی ہوتا ہے۔ ہاٹ ایئر بیلون کی ایک پرواز ڈیڑھ گھنٹے دورانیے کی ہوتی ہے۔
تصویر: Chris McGrath/Getty Images
ایک مکمل تصویر
کاپاڈوکیا (کاپاڈوشیا) کے سبھی منظر انسٹاگرام، سنیپ شاٹ اور ویڈیوز کے لیے آئیڈیل سمجھے جاتے ہیں۔ یہ تصاویر اونٹ پر بیٹھ کر بنائیں یا کسی کرین میں سوار ہو کر کھینچی جائیں۔
تصویر: Behcet Alkan/AA/picture alliance
چٹانوں کی منفرد تشکیل
کاپاڈوکیا (کاپاڈوشیا) کے نیشنل پارک کے اس حیران کن لینڈ اسکیپ کو محبت کی وادی کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ ہزاروں سالوں سے چلنے والی تیز ہوا کی رگڑ اور شدید موسمی شدت کی وجہ سے چٹانوں نے مردانہ عضو جیسے شکل اختیار کر لی۔
تصویر: Givaga/Zoonar/picture alliance
زمینی منظر کی کھدائی
اس علاقے میں وسیع پیمانے پر مسام دار چٹانوں کی بہتات ہے۔ یہ قدرے نرم ہوتی ہیں۔ کسی عام آلے سے بھی کھدائی ممکن ہے۔ مسام دار چٹانوں میں سارے شہر کی کھدائی ممکن ہے۔ ظلم و جبر کے شکار مسیحی افراد نے تیسری صدی میں اس ویران جگہ کو مسکن بنایا تھا۔ بعد ازاں اس پہاڑی منظر نامے میں گھروں، گرجا گھروں اور وسیع خانقاہوں کی تعمیر کی گئی۔
تصویر: Chun Ju Wu/Zoonar/picture alliance
انفرادیت
زیر زمین غاروں کا نظام خوبصورت لینڈ اسکیپ میں بکھرا ہوا ہے لیکن اس کا نظارہ اوپر سے نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے لیے زیرِ زمین جانا اہم ہے۔ ان غاروں میں زمین دوز تعمیراتی فن یقینی طور پر منفرد ہے۔
وسطی اناطولیہ کے اس حیران کن علاقے کی سیاحت ہاٹ ایئر بیلون، سائیکل، گھوڑے یا اونٹ پر سوار ہو کر کی جا سکتی ہے۔ چھوٹی جسامت والی چار وہیل والی سواری سے بھی اس علاقے کی تنگ گلیوں یا چھوٹے دیہاتوں میں جانا ممکن ہے۔ کار میں نیشنل پارک کی سیاحت بھی کی جا سکتی ہے