ترک ہوائی جہاز کے اغواء کی کوشش ناکام
6 جنوری 2011ترک میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق بدھ کی شب یہ کوشش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کے جنوب مشرقی کرد علاقے سے تعلق رکھنے والے یاسرجمعہ نامی اس مسافر نے اُس وقت جہاز کے کاک پٹ کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، جب وہ استنبول میں لینڈنگ سے تقریبا ایک گھنٹے دور تھا۔ اس مسافر نے یہ بھی کہا کہ اس کے پاس بم ہے۔
ترک حکام کے مطابق بوئنگ 737-800 کو واپس اوسلو لے جانے کا مطالبہ کرنے والا یہ 40 سالہ مسافر اپنی کوشش میں اس لئے ناکام ہوگیا، چونکہ دیگر مسافروں نے اس پر طاقت کے زور پر قابو پا لیا۔ بعد میں یہ جہاز اپنے مقررہ وقت پر استنبول کے اتا ترک ائیرپورٹ پر اتر گیا اور سکیورٹی فورسز نے مسافروں کو ہنگامی طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ یاسرجمعہ کوگرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق اس جہاز پر 59 مسافر سوار تھے، جب کے جہاز کی تلاشی لینے پر سکیورٹی اہلکاروں کوکسی طرح کا کوئی دھماکا خیز مواد نہیں ملا۔
ترک خبررساں ادارے اناتولیہ کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یاسرجمعہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔
اس جہاز کے ایک مسافر سلیم تہر نے ناروے کے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ جہاز کے استبول میں اپنی لینڈنگ سے کوئی 50 منٹ قبل اس نے شور سنا۔
’’جہاز میں اچانک شور بلند ہوا۔ میں نے مڑ کر دیکھا، تو وہاں ایک شخص تھا، جس نے اپنا چہرہ ڈھانپ رکھا تھا۔ اس نے ایک ٹوپی پہن رکھی تھی جبکہ اس کے کپڑوں کا رنگ سیاہ تھا۔ بنیادی طور پر وہ ایک دہشت گرد ہی نظر آ رہا تھا۔‘‘
سلیم تہر کے مطابق یہ مسافر چیخ چیخ کر ترک زبان میں کچھ کہ رہا تھا اور اپنے جسم سے بندھی کسی چیز کی طرف اشارہ کر رہا تھا۔ تاہم تہرکے مطابق وہ یہ نہیں سمجھ سکا کہ آیا اس مسافر کے جسم سے بندھی ہوئی وہ شے کوئی ہتھیار تھا یا بم۔
تہرکے مطابق اس کے قریب بیٹھی ایک خاتون مسافر نے اسے بتایا کہ یہ شخص جہاز کو واپس اوسلو لے جانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
تہرکا بتانا ہےکہ جہاز کے ایئرپورٹ پر اترتے ہی مسافر تیزی سے جہاز سے نکلنے لگے اور 20 سے 30 منٹ کے درمیان اس شخص کو پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا۔
رپورٹ : عاطف توقیر/ خبررساں ادارے
ادارت : عدنان اسحاق