1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیات

تنازعات کا شکار جی۔سیون اجلاس

شاہ زیب جیلانی
25 اگست 2019

فرانس میں جاری جی۔سیون کے اجلاس میں شريک اکثر رہنماؤں کی بظاہر اپنی اپنی محدود ترجیحات اور خواہشات ہیں اور وسیع تر اجتماعی سوچ کا فقدان نظر آتا ہے۔

تصویر: DW/B. Riegert

ان کے آپس میں اختلافات اتنے گہرے ہیں کہ اس بار اجلاس کے اختتام پر کوئی متفقہ اعلامیہ جاری ہونے کی توقع نہیں۔ پچھلے سال بھی کینیڈا میں منعقدہ اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ کی تجارتی پالیسوں پر تنقید کے بعد انہوں نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

اس بار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بریگزٹ کے معاملے پر فرانس اور جرمنی سے اپنے مطالبات منوانا چاہتے ہیں لیکن دونوں ملک سمجھتے ہیں کہ اگر برطانیہ ہر صورت میں اکتوبر کے اختتام تک یورپی یونین سے نکلنا چاہتا ہے تو اس کی اُسے سیاسی اور معاشی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ اجلاس سے پہلے یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک اور برطانوی وزیراعظم نے ایک دوسرے کو برطانیہ کے مسائل کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Harnik

اسی طرح میزبان فرانس چاہتا ہے کہ اس اجلاس میں عالمی ماحول کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کرنے پر بات ہو، لیکن امریکی صدر ٹرمپ کی ماحولیات میں کوئی خاص دلچسپی نہیں اور نہ ہی وہ ماحول کے تحفظ کے حوالے سے ایسے کوئی اقدامات کرنے کے حق میں ہیں جس سے امریکا کے طاقتور کاروباری حلقے ناراض ہوں۔

معاشی میدان میں دنیا کے اکثر ملکوں کو صدر ٹرمپ کی چین کے ساتھ تجارتی لڑائی پر تشویش ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ امریکا دوسرے ملکوں کی مصنوعات پر ڈیوٹی اور ٹیکس لگانے کی بجائے آزاد تجارت کو فروغ دے۔ لیکن صدر ٹرمپ کا اس معاملہ پر رویہ سخت ہے اور وہ بظاہر کسی ملک سےکچھ لیے بغیر کچھ دینے کے حق میں نہیں۔

 یہی وجہ ہے کہ جی۔سیون کے ناقدین کو اس تنظیم سے کوئی خاص امید نہیں۔

تصویر: picture alliance/dpa/S. Lapeyrere

اجلاس کے موقع پر گزشتہ روز جنوبی فرانس میں ہزاروں لوگوں نے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔ مظاہرین کو بیارٹز شہر میں جاری اجلاس میں داخلے کی اجازت نہیں تھی، تاہم فرانسيسی حکام نے انہیں تیس کلومیٹر دور اسپین اور فرانس کو جوڑنے والے ایک پُل پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کی اجازت دی۔  مظاہرے میں شامل بیشتر لوگ پُرامن رہے تاہم  بعض مقامات پر توڑ پھوڑ ہوئی اور پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

جی۔سیون ملکوں میں کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں۔ یہ سات ممالک مل کر دنیا کی چالیس فیصد مجموعی قومی پيداوار کے ذمہ دار ہیں۔

یہ تنظیم دو ہزار چودہ تک جی۔ایٹ کہلاتی تھی لیکن پھر سابقہ يوکرائنی علاقے کريميا پر روس کے قبضے کے بعد، روس کی رکنیت معطل کر دی گئی جس کے بعد سے یہ عالمی تنظیم جی۔سیون بن گئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خیال میں جی۔سیون ممالک کو  چاہیے کہ روس کو اب واپس تنظیم کا رکن بنائیں لیکن بڑے یورپی ممالک اس کے سخت خلاف ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں