تنخواہوں اور پینشن میں اضافے کا اعلان: مظاہرے ہنوزجاری
8 فروری 2011اطلاعات کے مطابق التحریر اسکوائر میں مظاہرین فوجی گاڑیوں کے پہیوں کے آگے لیٹے ہوئے ہیں تاکہ مظاہروں کو محدود کرنے کی کوشش کامیاب نہ ہو سکے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ صدر حُسنی مبارک کی عہدے سے دست برداری تک احتجاج جاری رہے گا۔ آج یعنی منگل اور آئندہ جمعے کو بہت بڑے مظاہروں کی توقع کی جارہی ہے۔
دریں اثناء مصر کی نو منتخب کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔ نیز نئی حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ہفتوں سے جاری سیاسی بحران اور مظاہروں کے نتیجے میں نجی املاک اور بزنس کو پہنچنے والے نقصانات کا مالی ازالہ بھی کرے گی۔
دریں اثناء مرکزی اپوزیشن پارٹی اخوان المسلمین نے کہا ہے کہ صدر حُسنی مبارک کے فوری طور پر عہدے سے دست بردا نہ ہونے اور مظاہرین کے دیگر مطالبات پورے نہ کئے جانے کی صورت میں وہ حکومت کے ساتھ شروع ہونے والے مذاکرات کا بائیکاٹ کرے گی۔
اُدھرامریکی صدر باراک اوباما نے واشنگٹن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مصر کے بحران کے حل کے لیے اپوزیشن اور حکومت کے مابین مذاکرات میں کسی حد تک کامیابی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان پی جے کراولی نے اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ مصر سمیت دیگر ممالک میں بھی مصر کے بحران کے حل کے لیے جاری عمل کے موثر اور معتبر ہونے کے بارے میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ اس بارے میں تشویش پائی جاتی ہے کہ کہیں اقتدار کی منتقلی کے عمل میں عبوری حکومت محض ’ ربر اسٹیمپ‘ ہونے کا ثبوت نہ دے۔ اگر ایسا ہوا تو کہیں اقتدار ایک دوسری آمرانہ انتظامیہ کے ہاتھ نہ آ جائے۔
کراولی نے ایک بریفنگ کے دوران کہا، ’ ہمارا مشورہ یہ ہے کہ نو منتخب عبوری حکومت کے سنجیدہ ہونےکا اندازہ لگایا جائے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو تشویش ہے کہ بحران کے حل کے لئے جاری عمل کی وسعت کافی نہیں ہے۔ کراولی نے اس امر کے امکانات کو ضعیف قرار دیا ہے کہ آئندہ 60 روز کے اندر اطمینان بخش انتخابات کا انعقاد ہو سکے گا۔ کیونکہ مصری آئین کے مطابق صدر کے عہدے سے برطرف ہوتے ہی 60 روز کے اندر اندر انتخابات کا انعقاد ہونا لازمی ہے۔
دریں اثناء ہیومن رائٹس واچ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مصر کے ہنگاموں کے دوران اب تک ہونے والی اموات کی کُل تعداد 300 سے زیادہ ہو سکتی ہیں۔
رپورٹ: کشور مصطفیٰ
ادارت: عاطف بلوچ