تھائی لینڈ شاپنگ مال، قتل عام کا مرتکب فوجی ہلاک
9 فروری 2020تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پرایت چن اوچا نے کہا کہ ملک میں اس قسم کے سانحے کی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یقینی بنائے گی کہ یہ اپنی نوعیت کا آخری واقعہ ثابت ہو۔
قتل عام کا یہ واقعہ ہفتے کے روز ناکھون راتچاسیما نامی شہر میں پیش آیا۔
حکام کے مطابق حملہ آور نے ایک فوجی کیمپ سے اسلحہ چرا کر پہلے اپنے کمانڈنگ آفیسر کو قتل کیا اور بعد میں شاپنگ مال میں گھس کر بلا امتیاز فائرنگ شروع کر دی۔
حملہ آور بعد میں شاپنگ مال کی ایک عمارت میں چھپا رہا۔ اس دوران وہ فیس بک پر اپنی کارروائیوں کی ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کرتا رہا۔ فیس بک نے بعد میں اس کی طرف سے شائع کردہ تشدد آمیز پوسٹس ہٹا دی۔
تھائی سکیورٹی فورسز نے سترہ گھنٹے تک عمارت کا محاصرہ جاری رکھا اور فائرنگ کے مسلسل تبادلے کے بعد بلآخر ہفتے کی صبح اسے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
تھائی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس فوجی کے اس پرتشدد عمل کے پیچھے اس کے قرضے کا ایک ذاتی تنازعہ ہو سکتا ہے۔