تھائی لینڈ میں پانی کی پستول سے جنگ کا ممکنہ عالمی ریکارڈ
14 اپریل 2011تھائی لینڈ میں ہر نئے تھائی سال کے پہلے دن یہ تقریب منائے جانے کی روایت قائم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباﹰ 3471 افراد نے دارالحکومت بینکاک کے ایک ڈپارٹمنٹیل اسٹور کے سامنے منعقد ایک تقریب میں دس منٹ تک ایک دوسرے پر پانی کی پستول کی مدد سے پانی پھینکا۔
منتظمین کے مطابق ان کی منعقدہ اس تقریب نے ستمبر 2007 ء کو اسپین میں قائم کیے گئے اس ریکارڈ کو بھی توڑ ڈالا ہے جس میں 2671 شرکاء نے پانچ منٹ تک پانی سے جنگ لڑی تھی۔ تھائی اخبار ’دی نیشن‘ کے مطابق اس دعوے کو عالمی ریکارڈ میں شامل کرنے کے لیے گینیز ورلڈ ریکارڈ سے درخواست کی گئی ہے۔
تھائی لینڈ میں نئے سال کو لاکھوں لوگ نہایت جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ اس دن وہ اپنے آبائی گھروں کو لوٹ جاتے ہیں تاکہ اپنے والدین اور بزرگوں کی دعائیں لے سکیں ۔ اس موقع پر نوجوان ایک دوسرے پر ہنستے کھیلتے پانی کا چھڑکاؤ کرتے ہیں۔ تاہم ان دنوں بلا نوشی اور پانی کی پستول سے لڑائی کے باعث کئی حادثات رونما ہوتے ہیں۔
تھائی حکومت کے مطابق اس موقع پر ملنے والی تعطیلات کے ابتدائی تین دنوں میں ہی 1626 ٹریفک حادثات رونما ہوئے جس میں 116 افراد ہلاک جبکہ 1760 افراد ذخمی ہوئے۔ ایک اندازے کے مطابق 30 فیصد حادثات نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے باعث پیش آئے۔
رپورٹ: عنبرین فاطمہ
ادارت: شادی خان سیف