1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ نے شراب کی فروخت پر پابندیوں میں نرمی کیوں کی؟

عاطف بلوچ اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
6 دسمبر 2025

تھائی لینڈ نے الکوحل کی فروخت پر عائد پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے دوپہر میں شراب بیچنے کا ایک آزمائشی منصوبہ متعارف کرا دیا ہے۔ اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنا ہے۔

Werbung für Bier in Thailand Flash-Galerie
تصویر: AP

بدھ مت اکثریتی ملک تھائی لینڈ میں شراب کی فروخت سے متعلق سخت قوانین نافذ ہیں۔ ان قوانین کے تحت مخصوص اوقات میں شراب کی فروخت پر پابندی کے ساتھ ساتھ مذہبی تعطیلات کے دوران بھی الکوحل بیچنا ممنوع ہے۔

تھائی لینڈ میں دوپہر دو بجے تا شام پانچ بجے تک شراب فروخت کرنے پر پابندی تھی۔ اس دوران نہ تو کوئی کسی دکان سے شراب خرید سکتا تھا اور نہ ہی کسی بار یا ریستوراں میں شراب آرڈر کر سکتا تھا۔ تاہم اب اس آزمائشی منصوبے کے تحت صبح گیارہ بجے تا رات بارہ بجے تک ہر قسم کی شراب خریدی جا سکے گی۔

حکام نے بتایا ہے کہ ایک خاص کمیٹی بنائی گئی ہے، جو اس منصوبے کے نتائج کو پرکھے گی۔ 

تھائی حکام نے گزشتہ ماہ کئی دہائیوں سے نافذ العمل سخت قوانین پر نظر ثانی کی اور اس میں لچک دکھانے کا فیصلہ کیا۔ اس پابندی کا مقصد دراصل  سرکاری ملازمین کو کام کے دوران شراب نوشی سے روکنا تھا۔ تاہم یہ اکثر غیر ملکی سیاحوں کے لیے حیران کن بات تھی۔

نائب وزیر اعظم سوفون سارم نے گزشتہ ماہ صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ ماضی میں یہ خدشات تھے کہ سرکاری ملازمین چھپ کر شراب پینے جائیں گے لیکن اب وقت بدل گیا ہے۔

تھائی لینڈ ہوائی جہازوں کی دو لاکھ ٹکٹیں مفت دے رہا ہے!

02:34

This browser does not support the video element.

 'سیاحوں کے لیے اچھا‘

سیاحت اور نائٹ لائف کے مرکز کے طور پر شہرت کے باوجود تھائی لینڈ میں شراب نوشی اور اس کی فروخت کے حوالے سے قوانین بدھ مت کی تعلیمات پر مبنی رہے ہیں۔ یہ مذہب شراب نوشی کو اخلاقی طور پر برا قرار دیتا ہے۔

وسطی بینکاک میں کئی کاروباری اداروں نے اے ایف پی کو بتایا کہ نرم قوانین کے ابتدائی دنوں میں انہیں کوئی خاص تبدیلی محسوس نہیں ہوئی۔

ایک دکاندار نے بتایا، ''زیادہ لوگ نہیں آئے کیونکہ گاہکوں کو ابھی نئے قانون کا علم نہیں ہے۔‘‘

مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ سیاحت کو مزید فروغ دینے کے لیے یہ نیا منصوبہ بہتر ثابت ہو گا۔ ایک بار کے ویٹر نے کہا کہ زیادہ تر تھائی لوگ دن کے وقت شراب نہیں پیتے لیکن اس نئی چھوٹ سے ایسے سیاحوں کو ریلیف ملے گا، جو شراب نوشی پسند کرتے ہیں۔

شراب نوشی کے نقصانات کیا ہیں؟

01:56

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں