1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تیسرا ون ڈے، پاکستان نے سری لنکا کو پچھاڑ دیا

عاطف توقیر19 جولائی 2015

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 135 رنز سے شکست دے دی ہے۔

تصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

پاکستانی کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم نے اپنی دھواں دھار بیٹنگ سے سری لنکا کے سامنے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ مقررہ پچاس اوورز میں پاکستان نے صرف چار وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے جب کہ سری لنکن ٹیم 41.1 اوور میں 181 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سرفراز احمد پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز تھے، جنہوں نے صرف 74 گیندوں پر 77 رنز بنائے، جس میں سات باؤنڈریز بھی شامل تھیں۔ دوسرے نمبر پر محمد حفیظ تھے، جنہوں نے چار چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔

پریماداسا اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور سری لنکن بولر پاکستانی کھلاڑیوں کو جلدی آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔

صرف 99 گیندوں پر پاکستانی کپتان اظہر علی نے احمد شہزاد کے ساتھ مل کر 93 رنز بنائے۔ شہزاد 44 رنز پر اس وقت آؤٹ ہو گئے، جب پاتھریرانا نے ملینگا کی بال پر ان کا کیچ پکڑ لیا۔

سری لنکا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہیتصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

اظہر علی 49 کے انفرادی اسکور پر حفیظ کے ساتھ کھیلتے ہوئے رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 59 گیندوں کا سامنا کیا۔ اس کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے، جنہیں لیفٹ سپنر پاتھریرانا نے پریرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

اس کے بعد شعیب ملک اور محمد رضوان نے تیز بیٹنگ شروع کی اور صرف دس اووروں میں 93 رنز بنائے، جن میں سے 21 رنز ملینگا کے آخری اوور میں بنے۔ ملینگا نے اپنے دس اووروں میں مجموعی طور پر 80 رنز دیے۔

ملک نے 29 گیندوں پر 42 رنز کی ناقابل شکست اننگ گیلی جب کہ رضوان بھی 22 گیندوں پر 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جواب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ ایسے بڑے اسکور کے تعاقب میں شروع سی ہی تھکی تھکی دکھائی دی۔ سری لنکا کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا، جب چھٹے اوور میں 33 کے مجموعی اسکور پر دلشان پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی دوسری وکٹ 42 کے اسکور پر گری، جب انور علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے پیریرا کا کیچ پکڑ لیا۔ پیریرا نے 18 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ 82 رنز پر گری جب تھرانگا کو سرفراز احمد نے راحت علی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد 93 پر میتھیو جب کہ 130 پر چندیمال بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ سری لنکا کی چھٹی وکٹ 142 پر اور ساتویں 144 پر گری۔ اس کے بعد بھی وقفے وقفے سے سری لنکا کی وکٹیں گری رہیں۔ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر یاسر شاہ رہے، جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اپنے مقررہ دس اووروں میں انہوں نے 29 رنز دیے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں