1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تین بھارتی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری

22 اکتوبر 2009

مہاراشٹر، ہریانہ اور اروناچل پردیش میں حالیہ اسمبلی انتخابات کے لئے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا عمل جمعرات کی صبح مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے شروع ہوا۔ تمام نتائج سہ پہر تک آنے کی توقع ہے۔

پچھلے انتخابات مین ان تینوں ریاستوں میں کانگریس اتحاد نے حکومت قائم کی تھیتصویر: AP

ان تینوں ریاستوں کے رائے دہندگان نے اسمبلی انتخابات کے لئے تیرہ اکتوبر کو ووٹ ڈالے تھے۔ ہریانہ اور اروناچل پردیش میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پر امن رہا تھا تاہم مہاراشٹر میں نکسل باغیوں کی پُرتشّدد کارروائیوں کے باعث انتخابی عمل جزوی طور پر متاثر ہوگیا تھا۔ پولنگ کے دوران مسلح ماوٴنواز باغیوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں ریاست مہاراشٹر کے بائیس انتخابی مراکز میں دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی۔

ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہےتصویر: AP

الیکشن کمیشن کے ترجمان راجیش ملہوترا نے بتایا کہ انتخابی کمیشن کی ویب سائٹ پر تینوں ریاستوں کی تمام ہی اسمبلی نشستوں کے نتائج کے بارے میں معلومات دستیاب ہوں گی۔

مختلف جائزوں کے اندازوں کے مطابق ہریانہ اور اروناچل پردیش میں کانگریس پارٹی دوبارہ آسانی سے حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔ تاہم مہاراشٹر میں کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اتحاد کو شیو سینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد سے سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

مہاراشٹر اسمبلی کی 288، ہریانہ میں 90 جبکہ اروناچل میں 60 اسمبلی نشستوں کے لئے ووٹنگ ہوئی تھی۔

رپورٹ : گوہر نذیر

ادارت : عاطف توقیر

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں