1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جادوئی مرلی نے وسیم اکرم کاریکارڈ توڑ دیا

5 فروری 2009

سری لنکا کے جادوئی آف اسپنر مُتھیا مرلی دھرن نے ٹیسٹ میچوں کے بعد اب ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کے بعد ایک روزہ میچوں میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی کھلاڑی موتھیا مرلی دھرنتصویر: AP

کولمبو میں بھارت کے خلاف جاری سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں اُنہوں نے گوتم گھمبیر کوآوٴٹ کرکے پاکستان کے شہرہء آفاق سوینگ گیندباز وسیم اکرم کے 502 وکٹوں کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔ مُرلی دھرن نے نیا ریکارڈ اپنے کیرئیر کے 328 ویں میچ میں قائم کیا۔ ٹیسٹ میچوں میں بھی مُرلی دھرن سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے گیندباز ہیں۔ اُنہوں نے 125 ٹیسٹ میچوں میں 769 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

کولمبو کے پریما داسا سٹیڈیم پر کھیلے جارہے ون ڈے میچ میں بھارت نے گوتم گھمبیر کے 150 رنوں کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ پچاس اووروں میں 332 رنز بنائے۔

پہلے تین ون ڈے میچوں میں کامیابی حاصل کرکے بھارت یہ سیریز اپنے نام کرچکا ہے۔

مرلی دھرن باؤلنگ کراتے ہوئےتصویر: AP

36 سالہ مرلی دھرن پہلے ہی 125 میچوں میں 769 وکٹوں کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کر چکے ہیں۔

بھارتی اننگز کے اختتام پر مرلی دھرن نے ایک انٹرویو میں کہا ’’ مجھے بے پناہ فخر اور خوشی کا احساس ہو رہا ہے کہ میں نے یہ ریکارڈ قائم کیا۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ان کی اس کامیابی میں کوئی راز پوشیدہ نہیں تاہم وہ اسے قدرت کی جانب سے عطا کردہ صلاحیت تصور کرتے ہیں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے پورے کرکٹ کرئیر میں سخت محنت کا سلسلہ کبھی کم نہیں ہونے دیا۔ ’’ میں یہ ریکارڈ اپنی فیملی اور اپنے والدین کے نام کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ہر اچھے اور برے وقت میں میرا ساتھ دیا۔‘‘

مرلی دھرن سے پہلے یہ ریکارڈ پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کے پاس تھاتصویر: AP


مرلی دھرن سے پہلے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا کہ مرلی دھرن واقعی اس اعزاز کے حقدار ہیں۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اگر مرلی دھرن اسی تواتر سے اگلے دو یا تین سال تک کرکٹ کھیلتے ہیں تو وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 1000 اور ون ڈے کرکٹ میں 600 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو جائیں گے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں