جاسوسی کا شبہ ، شمالی وزیرستان میں دو مزید افراد قتل
21 مئی 2010اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی شب شمالی وزیرستان میں پیش آیا۔ درجنوں افراد کی موجودگی میں دتہ خیل کےعلاقے میں پانچ نقاب پوش طالبان باغیوں نے اپنے زیر قبضہ ان افراد پر امریکہ کے لئے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ افراد امریکہ کو وہ معلومات فراہم کرتے ہیں، جن کی بنیاد پر قبائلی علاقوں میں ڈورن حملے کئے جاتے ہیں۔
پاکستانی خفیہ اداروں میں سے ایک کے ایک اہلکار نے خبر ایجنسی روئٹرز کو ٹیلی فون کر کے بتایا کہ ان افراد کو سزا دینے کے لئے بھرے مجمع میں بارودی مواد سے باندھا گیا اور پھر انہیں دھماکے سے اڑا دیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ مہنیوں کے دوران پاکستانی طالبان باغیوں نے ایسے درجنوں افراد کو جاسوسی کے شبے میں ہلاک کیا ہے، تاہم ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ایسے مبینہ مقامی جاسوسوں کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے بجائے اس طرح ان کے جسموں سے بارودی مواد باندھ کر انہیں بھرے بازار میں دھماکے سے اڑا دیا گیا ہو۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک