1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جان کیری مشرق وسطیٰ امن مذاکرات کے حوالے سے پر امید

شادی خان سیف30 جون 2013

مشرقی وسطیٰ میں امن مذاکرات کی بحالی کے لیے سرگرم امریکی وزیر خارجہ جان کیری گزشتہ تین دنوں میں آج تیسری بار فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کر رہے ہیں۔

تصویر: Jacquelyn Martin/AFP/Getty Images

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکی، اسرائیلی اور فلسطینی حکام گزشتہ تین روز سے جاری ملاقاتوں کی تفصیلات عام نہیں کر رہے ہیں اور کیری کی جانب سے تیسری بار صدر محمود عباس سے ملاقات کے لیے روانہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں امن مذکرات کی بحالی کی امید ہے۔ جان کیری نے یروشلم سے رملہ روانہ ہوتے وقت صحافیوں سے محض اتنا کہا ’’سخت محنت ہورہی ہے‘‘۔

اے پی کے مطابق اگرچہ بند دروازوں کے پیچھے کی ان ملاقاتوں سے متعلق تفصیلات ابھی مخفی ہیں تاہم کئی ایسے اشارے موجود ہیں ان ملاقاتوں میں محض معمول کی باتیں نہیں ہورہیں۔

امریکی وزیر کی فلسطینی اور اسرائیلی رہنماؤں کے ساتھ بیشتر ملاقاتیں کم از کم دو گھنٹے یا اس بھی زیادہ دیر تک جاری رہیں۔ جمعرات کو اسرائیلی وزیر اعظم نیتین یاہو کے ساتھ ان کی ملاقات کا وقت شام کے چار بجے رکھا گیا تھا جبکہ ہفتے کی شب اسرائیلی وزیر اعظم اور اُن کے مشیروں کے ساتھ جان کیری نے ایک ہوٹل میں قریب چھ گھنٹے تک ملاقات کی۔ صبح تین بجے انہوں نے اپنے سینیئر میشروں کے ساتھ یروشلم میں چہل قدمی کی اور اس موقع پر وہ خاصے سنجیدہ دکھائی دے رہے تھے۔

تصویر: Reuters

نیتن یاہو کے ساتھ جان کیری سے ملنے والوں میں اسرائیل کے قانونی اور دفاعی امور کے افسران بھی موجود تھے، جس سے یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ مذاکرات مزید تفصیلی مراحل میں داخل ہوگئے ہیں۔

جان کیری مشرق وسطیٰ میں اپنی مصروفیات کی وجہ سے ابوظہبی کا دورہ منسوخ کرچکے ہیں۔ اے پی نے امریکی دفتر خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جان کیری آج اتوار کو رملہ میں صدر محمود عباس سے ملیں گے۔ جان کیری کی اگلے ہفتے برونائی میں جنوب مشرقی ایشیاء کی سلامتی کانفرنس کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف سے ملاقات کا امکان ہے، جس دوران کئی بین الاقوامی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں