1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جان کیری کی فلسطینی صدر عباس سے ملاقات

8 اپریل 2013

امریکی وزیر خارجہ جان کیری اس وقت مشرق وسطیٰ کے تیسرے دورے پر ہیں۔ وہ گزشتہ روز ترک حکام سے ملاقات کے بعد رملہ پہنچے تھے۔ اتوار کے روز کیری نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی اور امن مذاکرات کی بحالی پر زور دیا۔

تصویر: Reuters

فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ ملاقات میں امن معاملات کو آگے بڑھانے میں اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کو اہم قرار دیا۔ فلسطینی صدر کے مطابق ان قیدیوں میں بےشمار ایسے ہیں جو بغیر کسی الزام کے جیلوں میں بند ہیں۔ محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو روضینہ کے مطابق رملہ میں کیری کی عباس کے ساتھ ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ اس ملاقات میں فلسطینی صدر نے اسرائیل کی جیلوں میں مقید 45 سو قیدیوں کی رہائی کو مذاکرات کی بحالی سے پہلے ایک اہم موضوع قرار دیا۔ عباس کے مطابق قیدیوں کی رہائی اس وقت فلسطین کی گلیوں میں ایک اہم موضوع ہے۔

امریکی صدر اوباما، وزیر خارجہ جان کیری اور اسرائیلی صدر شمعون پیریزتصویر: Mandel Ngan/AFP/Getty Images

وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد محمود عباس کے ساتھ جان کیری کی تقریباً ایک مہینے میں یہ چوتھی ملاقات ہے۔ محمود عباس نے جان کیری پر نئی اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کو بھی مذاکرات کے راستے کی بڑی رکاوٹ قر ار دیا۔ کیری کے ساتھ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے فلسطینی صدر نے کہا کہ یروشلم کے نواحی مقبوضہ علاقے ای ون (E1) میں تعمیر کا سلسلہ فوری طور پر روکنا اشد ضروری ہے۔ محمود عباس نے مذاکرات کی میز پر ایک بار پھر بیٹھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو خاص طور پر یہودی بستیوں میں توسیع سے متعلق منصوبوں کو منجمد کرنا ہو گا۔

فلسطینی علاقے ویسٹ بینک کے اہم شہر رملہ میں کیری اور عباس کی ملاقات کے ابتدائی بیس منٹوں میں ان کے مشیر بھی شریک ہوئے اور بعد میں دونوں رہنماؤں نے علیحدگی میں ملاقات کی۔ ایک اعلیٰ امریکی اہلکار کے مطابق اتوار کی ملاقات انتہائی تعمیری تھی اور اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ اس امریکی اہلکار کے مطابق اس ملاقات میں امن مذاکرات کی بحالی کے راستے کا تعین کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ امن مذاکرات کے علاوہ فلسطین کی اقتصادی مشکلات کو بھی کیری اور محمود عباس کی میٹنگ میں زیر بحث لایا گیا۔ امریکی وزیر خارجہ اور فلسطینی صدر نے زیادہ فوکس اس پر کیا کہ کس طرح امن مذاکرات کے لیے ماحول کو سازگار بنایا جائے۔

ترکی میں جان کیری نے ترک وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھیتصویر: picture-alliance/dpa

امریکی اہلکار کے مطابق جان کیری نے فلسطینی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ ملاقات کے دوران زیر بحث لائے جانے والا معاملات کو عام نہ کریں۔ اسی باعث اتوار کی ملاقات کے بعد کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔ محمود عباس کے ایک مشیر نِمر حمد نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ سے فریقین کے درمیان رابطہ کاری جاری ہے اور اِس کے عملی نتائج کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

امریکی وزیر خارجہ آج پیر کے روز فلسطینی وزیر اعظم سلام فیاض کے ساتھ ملاقات کرنے والے ہیں۔ جان کیری آج ہی اسرائیل کے صدر شمعون پیریز سے بھی ملیں گے۔ کل منگل کے روز جان کیری اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کرنے کے بعد لندن روانہ ہو جائیں گے۔ لندن میں جان کیری بڑے صنعتی و ترقی یافتہ ملکوں کے گروپ جی ایٹ کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ لندن کانفرنس میں شرکت کے بعد امریکی وزیر خارجہ جنوبی کوریا اور چین کا سفر کریں گے۔

(ah/mm(AFP

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں