جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے پارلیمان کا ایوانِ زیریں تحلیل کر کے قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار کر دی ہے۔ اب جاپان میں 22 اکتوبر کو عام انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔
اشتہار
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق شینزو آبے کی خواہش ہے کہ وہ حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کو زیادہ بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں اور اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کریں۔ آبے کی جانب سے ایوانِ زیریں تحلیل کرنے کی وجہ سے اب عام انتخابات اپنے مقررہ وقت سے قریب ایک برس قبل منعقد ہو سکیں گے۔
حکمران جماعت کو گو کہ عوامی حمایت حاصل ہے، تاہم ٹوکیو کے گورنر یوریکو کوئیکے کی جانب سے بنائی جانے والی ایک نئی جماعت کو شینزو آبے کی پارٹی کے لیے ممکنہ چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پارٹی آف ہوپ یا امید کی جماعت کے نام سے بنائی گئی یہ پارٹی ووٹروں کو اپنی جانب متوجہ کر سکتی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر اسمبلی کی تحلیل ایوان زیریں کے اسپیکر تاداموری اوشیما نے ایک بیان کے ذریعے کی اور اس موقع پر تین دفعہ ’بنزائی‘ کہہ کر اسمبلی کی تحلیل کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد فوری طور پر ہال خالی کر دیا گیا۔
کل کی دنیا کیسی ہو گی؟
02:33
اسمبلی کی تحلیل کے کچھ ہی دیر بعد شینزو آبے نے اپنی جماعت کے ارکان سے ایک پرجوش خطاب کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ زیادہ بھرپور سفارتی اور دفاعی پالیسیوں کے لیے انہیں جاپانی عوام کا مینڈیٹ درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے بڑھتے خطرات کی تناظر میں متعدد اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے۔
ناگاساکی پر ایٹمی حملے کو 76 برس ہو گئے
1945ء میں دو جاپانی شہروں پر امریکی حملے ابھی تک کسی بھی جنگ میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا واحد واقعہ ہیں۔ چھ اگست کو ہیروشیما پر ایٹمی حملے کے تین دن بعد امریکا نے ناگاساکی پر بھی ایٹم بم گرایا تھا۔
تصویر: Courtesy of the National Archives/Newsmakers
پہلا حملہ
چھ اگست 1945ء کو امریکی جہاز Enola Gay نے ہیروشیما پر پہلا ایٹم بم گرایا تھا۔ اس بم کو’لٹل بوائے‘ کا بے ضرر سا نام دیا گیا تھا۔ اُس وقت اس شہر کی آبادی ساڑھے تین لاکھ تھی اور حملے کے فوری بعد ستر ہزار لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔ چند دنوں کے دوران مرنے والوں کی تعداد دگنی ہو گئی تھی۔
تصویر: Three Lions/Getty Images
حملے میں تاخیر
منصوبے کے مطابق ہیروشیما پر یکم اگست 1945ء کو حملہ کیا جانا تھا تاہم خراب موسم کی وجہ سے امریکیوں کو اسے ملتوی کرنا پڑا۔ پانچ روز بعد بمبار جہاز ’انولا گے‘ تیرہ رکنی عملے کے ساتھ اپنا مشن پورا کرنے کے لیے روانہ ہوا۔ اس ٹیم کو راستے میں معلوم ہوا کہ وہ ایٹم بم گرانے جا رہی ہے۔
تصویر: gemeinfrei
دوسرا جوہری حملہ
ہیروشیما پر حملے کے تین روز بعد امریکیوں نے ناگاساکی پر دوسرا ایٹم بم گرایا۔ منصوبے کے مطابق دوسرا ایٹم بم کیوٹو پر گرایا جانا تھا۔ امریکی وزارت دفاع کی مخالفت کے بعد یہ ہدف تبدیل کر دیا گیا۔ ’فیٹ مین‘ نامی یہ بم 22 ٹن وزنی تھا۔ اس جوہری بم نے بھی قریب ستر ہزار افراد کی جان لی تھی۔
تصویر: Courtesy of the National Archives/Newsmakers
ہدف کا اسٹریٹیجک انتخاب
1945ء میں ناگاساکی میں اسلحہ ساز کمپنی مٹسوبیشی کی مرکزی دفتر قائم تھا۔ وہاں بحری اڈہ بھی موجود تھا۔ اس شہر میں وہ تارپیڈو بھی تیار کیے گئے تھے، جوجاپان نے پرل ہاربر پر حملے کے لیے استعمال کیے تھے۔ ناگاساکی میں بہت کم ہی جاپانی فوجی تعینات تھے۔ تاہم خراب موسم کی وجہ سے شپ یارڈ کو نشانہ نہ بنایا جا سکا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
ہلاکتیں بڑھتی ہی چلی گئیں
حملوں کے بعد بھی کئی ماہ تک تابکاری اثرات ہزاروں افراد کی موت کا باعث بنتے رہے۔ صرف ہیروشیما میں 1945ء کے اختتام تک ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد میں ساٹھ ہزار کا اضافہ ہو چکا تھا۔ ہلاکتوں میں اضافہ تابکاری، بری طرح جھلس جانے اور دیگر زخموں کی وجہ سے ہوا۔ بعد ازاں لگائے گئے اندازوں کے مطابق دوہرے جوہری حملوں میں مرنے والوں کی تعداد دو لاکھ تیس ہزار تک رہی تھی۔
تصویر: Keystone/Getty Images
خوف کے سائے میں جنگ کا اختتام
ہیروشیما اور ناگاساکی پر حملوں کے بعد بھی متعدد جاپانی شہریوں کو خدشہ تھا کہ تیسرا ایٹمی بم ٹوکیو پر گرایا جائے گا۔ جاپان نے ہتیھار پھینکنے کا اعلان کیا اور اس طرح ایشیا میں دوسری عالمی جنگ کا اختتام ہوا۔ امریکی صدر ہیری ٹرومین نے جوہری حملوں کے احکامات دیے تھے۔ کئی مؤرخین ان حملوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہیں۔
تصویر: AP
تعمیر نو
ہیروشیما کے تباہ شدہ شہر کو مکمل طور پر دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔ صرف دریائے اوٹا پر واقع ایک جزیرے پر امن پارک پہلے ہی طرح قائم ہے۔ یہاں پر ایک یادگاری شمع بھی روشن کی گئی ہے۔ یہ شمع اس وقت بجھائی جائے گی، جب دنیا سے آخری ایٹم بم کا خاتمہ ہو جائے گا۔
تصویر: Keystone/Getty Images
یادگاروں کی تعمیر کی جاپانی روایت
ناگاساکی میں 1955ء سے جوہری بم حملوں کے حوالے سے ایک عجائب گھر اور ان حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں ایک امن پارک قائم ہے۔ جاپان میں 1945ء کے ان واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی یاد کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ دنیا بھر میں ہیروشیما اور ناگاساکی کو ایٹمی ہتھیاروں کی تباہ کاریوں کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
تصویر: Getty Images
یادگاری تقریبات
اگست 1945ء کے ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں دنیا بھر میں تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ ہیروشیما میں منقعد ہونے والی سالانہ تقریب میں حملوں میں بچ جانے والے، ہلاک ہونے والوں کے لواحقین، شہری اور سیاستدان شرکت کرتے ہیں اور اس دوران ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔
تصویر: Kazuhiro Nogi/AFP/Getty Images
جوہری ہتھیاروں کے خلاف آواز
پیروشیما میں امن یادگاری پارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے کہا کہ جاپان دنیا بھر سے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔
تصویر: Picture-alliance/AP Photo/R. Ozawa
10 تصاویر1 | 10
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے رہنما انتخابی مہم میں عوام کو باور کروائیں کہ یہ انتخابات جاپان اور جاپانی عوام کی پرامن زندگی کو یقینی بنانے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات ’ہمارے بچوں کے مستقبل‘ کا تعین کریں گے۔ جاپانی کابینہ نے 475 رکنی ایوان زیریں کے انتخاب کے لیے 22 اکتوبر کی تاریخ کی منظوری دے دی ہے۔