1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان: انسانی ذہن پڑھنے والے روبوٹس کی تیاری

25 اپریل 2010

جاپانی سائنسدان ایسے روبوٹس اور عام استعمال کی الیکٹرونک اشیاء تیار کرنے میں مصروف ہیں، جن میں انسانی ذہن پڑھنے کی صلاحیت موجود ہوگی۔ ان اشیا کو محض اپنی سوچ کے ذریعے ہی کنٹرول کیا جاسکے گا۔

تصویر: AP

ایک جاپانی روزنامے 'نکائی" کے مطابق ایسی اشیاء اگلے دس برس کے دوران مارکیٹ میں دستیاب ہوسکتی ہیں۔

یہ روبورٹس انسانی ذہن میں پیدا ہونے والی ہدایات کے مطابق خودکار طریقے سےعمل کرتے ہیںتصویر: AP

یہ حیران کن آلات ایک انتہائی جدید ٹیکنالوجی کی حامل ہوں گے، جسے 'برین مشین انٹرفیس ٹیکنالوجی' کا نام دیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی میں دراصل سر پرپہنے جانے والےایک مخوص ہیڈ سیٹ پر لگے، مختلف سینسرز انسانی دماغ کی مخوص لہروں اور دماغ میں دوران خون میں تبدیلی کا تجزیہ کرتے ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق مستقبل کے ان آلات میں ایسے ٹیلی وژن سیٹ ہوں گے، جنہیں چلانے کے لئے ریموٹ کنٹرول پر بٹن دبانے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی یا ایسے موبائل فون، جو آپ کی سوچ کو پڑھ کر خود ہی پیغام لکھ کر بھیج دیں گے۔ اگر آپ کمرے میں موجود ہیں اور بہت گرمی یا سردی محسوس کررہے ہیں تو کمرے کا ایئرکنڈیشنر یا ہیٹنگ سسٹم خود بخود آپ کی سوچ کے مطابق کام کرنے لگے گا۔

مصنوعی ذہانت کے حامل یہ نئے روبورٹس انسانی ذہنی ہدایات خودبخود وصول کر لیتے ہیںتصویر: AP

اس ٹیکنالوجی کا استعمال کاروں وغیرہ کے نیویگیشن سسٹم میں بھی کیا جاسکے گا۔ گاڑی چلاتے ہوئے اگر آپ کو بھوک لگی ہے تو یہ نیویگیشن سسٹم خود بخود قریب ترین ریسٹورینٹ کی کھوج لگا کر اسکرین پر دکھا دے گا۔ اس ٹیکنالوجی کے حامل ایسے روبوٹ بھی تیار کئے جانے کا منصوبہ ہے جو معذور یا کمزور افراد کی ضرورت کے مطابق خود بخود ان کی مدد کریں گے۔

جاپانی روزنامے کے مطابق اس تحقیقی منصوبے میں جاپان کی اوساکا یونیورسٹی اور ایڈوانسڈ ٹیلی کمیونیکیشن ریسرچ انسٹیٹوٹ انٹرنیشنل کے علاوہ بڑے کاروباری ادارے بھی حصہ لے رہے ہیں جن میں ٹویوٹا، ہونڈا اور ہٹاچی شامل ہیں۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عاطف توقیر

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں