جاپان میں ایک مرتبہ پھرزلزلہ، سونامی کی وارننگ
11 اپریل 2011جاپانی حکام نے آج پیر 11 اپریل کو متاثرہ فوکوشیما جوہری پاور پلانٹ سے خارج ہونے والی تابکاری میں اضافے کی وجہ سے اس کے گرد حفاظتی انخلائی دائرہ بھی بڑھا دیا ہے۔ زلزلے اور سونامی سے متاثرہ فوکوشیما جوہری پاورپلانٹ کے حوالے سے دنیا کو چرنوبل ایٹمی حادثے کے بعد سے خطرناک ترین صورتحال درپیش ہے۔
تازہ ترین زلزلے کے جھٹکوں سے جاپانی دارالحکومت ٹوکیو سمیت ملک کے مشرقی علاقوں میں عمارتیں لرز اٹھیں۔ اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.1 ریکارڈ کی گئی۔ سرکاری ٹیلی وژن NHK کے مطابق تازہ تازہ جھٹکوں سے فوکوشیما پاور پلانٹ کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور اس کے دو متاثرہ ری ایکٹرز کو بند کرنا پڑا۔
فوکوشیما جوہری پاور پلانٹ کو چلانے والی کمپنی ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (TEPCO) کے مطابق ہنگامی کاموں میں مصروف عملے نے ری ایکٹرز نمبر ایک، دو اور تین کو ٹھنڈا کرنے کے لیے ان پر پانی ڈالنے کا کام روک دیا ہے۔
جاپان کے چیف کیبنٹ سیکرٹری یوکیو ایڈانو نے کہا ہے کہ فوکوشیما جوہری پلانٹ کے ارد گرد 20 کلومیٹر تک کے انخلائی زون کے باہر بھی ایسے مقامات کو خالی کرالیا جائے گا جہاں تابکاری کی مقدار زیادہ پائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں، حاملہ خواتین اور ہسپتالوں میں موجود مریضوں کو فوکوشیما نیوکلیئر کمپلکس سے 20 تا 30 کلومیٹر تک دور رکھا جائے۔ ایڈانو کے بقول یہ فیصلہ تابکاری سے متعلق ڈیٹا کے تجزیے کے بعد کیا گیا ہے۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: کِشور مُصطفیٰ