1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان میں دہائیوں بعد نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء

3 جولائی 2024

جاپانی کرنسی ین کے نئے نوٹوں میں جعل سازی کو روکنے کے لیے تھری ڈی ہولوگرافک ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ کرنسی نوٹ چھاپنے والی ملکی ایجنسی نے اسے دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی کرنسی نوٹ قرار دیا ہے۔

جاپان میں بڑے سائز کے کرنسی نوٹ بھی چھاپے جاتے ہیں تاکہ عمر رسیدہ آبادی کے لیے ان کا پڑھنا آسان ہو
جاپان میں بڑے سائز کے کرنسی نوٹ بھی چھاپے جاتے ہیں تاکہ عمر رسیدہ آبادی کے لیے ان کا پڑھنا آسان ہوتصویر: Ayaka McGill/AP Photo/picture alliance

جاپان نے بدھ کے روز دو دہائیوں میں پہلی مرتبہ اپنا نیا کرنسی نوٹ جاری کیا۔ یہ کرنسی نوٹ جعلسازی کو روکنے کے لیے تھری ڈی ہولوگرام ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔

مستحکم اقتصادیات، مضبوط جاپان

دھاتی سکوں سے کاغذی نوٹوں تک، کرنسی کا ارتقا

ہولوگرام ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی وجہ سے نئے کرنسی نوٹوں پر چھپی ہوئی تصویر کو الگ الگ زاویوں سے دیکھنے پر ایک ہی تصویر کی مختلف سمتیں دکھائی دیں گی۔ جاپانی کرنسی ین چھاپنے والی ملکی ایجنسی جاپان نیشنل پرنٹنگ بیورو نے دعویٰ کیا کہ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی کاغذی کرنسی نوٹ ہے۔

وزیر اعظم فیومیو کیشیدا نے جدید ترین خصوصیات کے حامل دس ہزار ین، پانچ ہزار ین اور ایک ہزار ین کے کرنسی نوٹ کے اجراء کو تاریخی قرار دیا۔

انہوں نے ان کرنسی نوٹوں کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا،"مجھے امید ہے کہ لوگ اس نئی کرنسی نوٹ کو پسند کریں گے اور اس سے جاپانی معیشت کو تقویت بخشنے میں مدد ملے گی۔"

نیپال کے کرنسی نوٹ کے نئے ڈیزائن پر بھارت شدید ناراض

20 ڈالر کے نوٹ پر سیاہ فام خاتون کی تصویر

مقامی میڈیا نے تصدیق کی کہ نئی کرنسی کے اجراء کے بعد بھی پرانے کرنسی نوٹ چلن میں رہیں گے۔

جاپان اب بھی نقدی کرنسی والی معیشت ہے، یہاں کیش لیس ادائیگیوں کی رفتار کافی سست ہے۔

بینک آف جاپان کے گورنر کازوؤ اویدا نے کہا،" گرچہ دنیا کیش لیس معیشت کی طرف بڑھ رہی ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ کہیں بھی اور کسی بھی وقت ادائیگیوں کو محفوظ طریقے سے طے کرنے کے لیے نقد رقم اہم ہے۔"

جاپان اب بھی نقدی کرنسی والی معیشت ہے، یہاں کیش لیس ادائیگیوں کی رفتار کافی سست ہےتصویر: Wataru Sekita/REUTERS

نئے کرنسی نوٹوں کی خصوصیات کیا ہیں؟

کیشیدا نے کہا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں جو تصاویر ہیں وہ سرمایہ داری، خواتین کے لیے مساوات اور سائنسی اختراع کی کامیابی کے جشن کی علامت ہے۔

دس ہزار کے کرنسی نوٹ پر آئیچی شیبوساوا کی تصویر ہے، جنہیں جاپان میں 'بابائے سرمایہ داری' کہا جاتا ہے۔ شیبو ساوا جاپانی کی جدید معیشت کی تعمیر کی اہم شخصیت ہیں اور سینکڑوں کمپنیوں کی بنیاد رکھنے کا سہرا ان کے سر جاتا ہے۔

پانچ ہزار ین کے کرنسی نوٹ پر اومیکو سوڈا کی تصویر ہے، جنہیں حقوق نسواں کا علمبردار سمجھا جاتا ہے۔ وہ ماہر تعلیم بھی تھیں۔

ایک ہزار ین کے کرنسی نوٹ پر معروف ڈاکٹر اور بیکٹریالوجسٹ شیبا سابورو کیتاساتو کی تصویر ہے۔ انہوں نے ٹیٹنس اور بوبونک طاعون کی تحقیق میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ان تینوں کرنسی نوٹوں کی پشت پر ٹوکیو اسٹیشن، ویسٹیریا کے پھول اور کاتسوشیکا ہوکو سائی کی بنائی ہوئی ماونٹ فیوجی کی تصویر شامل ہے۔

جاپان میں بڑے سائز کے کرنسی نوٹ بھی چھاپے جاتے ہیں تاکہ عمر رسیدہ آبادی کے لیے ان کا پڑھنا آسان ہو۔

ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں