1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’جبراً مذہب تبدیل کروانا جُرم ہے‘ وزیراعظم پاکستان کا پیغام

14 مارچ 2017

وزير اعظم نواز شريف نے کہا ہے کہ زبردستی مذہب تبديل کروانا ایک جرم ہے۔ ان کے بقول کسی کو دوسروں کے لیے جنت یا دوزخ کے فيصلے کرنے کا اختيار نہيں۔

Indien Holi Festival
تصویر: DW/S. Bandopadhyay

ہندوں کے مذہبی تہوار ہولی کی تقريب ميں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر کرا چی آنے والے وزير اعظم نواز شريف نے مقامی ہوٹل ميں منعقدہ ہولی کی تقريب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہولی کا تہوار ہميں ياد دلاتا ہے کہ محبت کا رنگ زيادہ پائيدار ہے۔

وزير اعظم نے کہا کہ پاکستان کا موسم تبديل ہورہا ہے،’’معيشت کی شاخ پر بھی بہار آرہی ہے اور ايشيا ميں سب سے تابناک مستقبل پاکستان کا ہی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے کچھ لوگوں نے مذہبی اختلافات کو پاکستان کی کمزوری بنانا چاہا مگر اب کوئی مذہبی اور علاقائی تعصب ترقی کی راہ ميں حائل نہيں ہو گا۔‘‘

ميزبان نے وزيراعظم کی تقريب ميں آمد پر محمد رفيع کا معروف گيت ’’بہاروں پھول برساؤ ميرا محبوب آيا ہے‘‘ گنگنايا۔ اس موقع پر جب وزيراعظم خطاب کرنے آئے تو انہوں نے کہا کہ اگر دس سال پہلے يہ گيت ان کے سامنے گنگنایا گیا ہوتا تو وہ بھی ساتھ  گاتے۔’’اس وقت ميری آواز بھی محمد رفيع جيسی تھی۔‘‘

تصویر: Getty Images/A.Jocard

وزير اعظم نے ہندو برادری کے لیے پچاس کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ نواز شريف کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے 1930ء میں خطبہ الہ آباد ميں کہا تھا کہ کسی مذہب کے خلاف برے جذبات رکھنا گری ہوئی ذہنيت کی دليل ہے اور پاکستان کسی مذہب کی مخالفت کے لیے نہيں بلکہ مذہبی تصادم کو روکنے کے لیے وجود ميں آرہا ہے۔ قائد اعظم نے بھی مذہب کی بنياد پر کسی قسم کا کوئی امتیاز نہيں رکھا۔ نواز شريف نے اپنی تقرير کا اختتام اس جملہ پر کيا،’’بطور قوم ہماری خوشياں اور دکھ سانجھے ہيں۔‘‘

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ کے ضلعی عہدیداروں سے ملاقات میں برسوں سے تعطّل کا شکار سرکلر ریلوے کے منصوبے کو پاک چین اقتصادی راہ داری میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس منصوبے پر جلد کام شروع  کرنے کی بھی نوید بھی سنائی اور ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ نواز سندھ سے بھرپور طور پر الیکشن لڑے گی۔ نواز شریف تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے کے بعد پہلی مرتبہ دو روزہ دورے پر کراچی آئے ہیں۔ اس قبل گزشتہ تین برسوں کےدوران انہوں نے کراچی میں ایک رات بھی قیام نہیں کیا۔ وزیراعظم کے سندھ کے پے در پے دوروں کو ناقدین آئندہ الیکشن کی تیاری تعبیر کررہے ہیں۔

تصویر: picture-alliance/dpa

مبصرین کے مطابق نواز شریف اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے انتخاب سے ایک ڈیڑھ برس قبل سندھ پر توجہ دیتے ہیں۔ سن 2013 کے عام انتخابات سے قبل بھی انہوں نے سابق وزیر اعلٰی سندھ ممتاز بھٹو سے الحاق کیا تھا اور ساتھی ہی جی ایم سندھ کے صاحبزادہ جلال محمد شاہ سے بھی تعلقات استوار کیے تھے تاہم جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے تھے۔ اس بار ٹھٹھہ کے شیرازیوں پر مہربانیاں اور سندھ میں یکے بعد دیگرے ترقیاتی منصوبوں سے بھی یہی تاثر ملتا ہے کہ نواز شریف پیپلز پارٹی کو سخت مقابلہ دینے کا سوچ رہے ہیں۔

شام میں وزیر اعظم نے گورنر ہاؤس میں وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر محمد زبیر سے بھی ملاقات کی، جس میں امن و امان کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی ہوا اور قیام امن کے لیے جاری آپریشن کے حوالے سے بھی فیصلے کیے گئے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں