1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جب پوری قوم نکل آئے گی تو کنٹینرز روک نہیں پائیں گے: تحریک انصاف

شکور رحیم/ اسلام آباد10 اگست 2014

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کے اپنے مطالبے کو دوہراتے ہو ئے خبردار کیا ہے کہ اگر جمہوریت کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار بھی وزیراعظم اور ان کی حکومت ہو گی۔

تصویر: picture-alliance/dpa

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صدارت میں پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس آج اتوار کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ تحریک انصاف کے چودہ اگست کو حکومت کے خلاف ‘‘آزادی مارچ’’ سے چار دن قبل پارٹی کی اعلٰی قیادت کے اس اجلاس کو خاصہ اہم قرار دیا جارہا تھا۔

اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر حکومت نے عمران خان کو گرفتار کرنے یا حفاظتی تحویل میں لینے کی کوشش کی تو اس کے خلاف پارٹی کے کارکن مزاحمت کریں گے۔ انہوں حکومت سے کہا کہ وہ مخلتف جگہوں پر سے کنٹینرز ہٹائے اور پٹرول اسٹیشنز کھولے۔

انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ شیرں مزاری نے کہا، "کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کوئی مطالبات پیش نہیں کیے جائیں گے چودہ اگست سے پہلے ، آزادی مارچ ہوگا ہرحال میں اس کے بعد ہم اگلا لائحہ عمل بتائیں گے کہ کیا ہماری ڈیمانڈز ہیں؟جب ہم اسلام آباد پہنچ جائیں گے تو حکومت کی روکاوٹیں ناکام ہوں گی ۔ جب قوم پوری نکل کر آئے گی تو کوئی کنٹینر روک نہیں سکے گا۔ یہ آزادی مارچ آئے گا اسلام آباد تک حکومت کو ہٹنا پڑے گا اور میاں نواز شریف کو استعفی دینا پڑے گا" ۔

نواز شریف کو استعفی دینا پڑے گاتصویر: Reuters

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کل بروز پیر مئی دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے طریقہ کار اور اس میں ملوث افراد کے ناموں سے پردہ اٹھائیں گے۔

دوسری جانب دارالحکومت اسلام آباد کی انتظا میہ نے تحریک انصاف کے مجوزہ احتجاجی مارچ سے چار روز قبل ہی حفاظتی نقطہ نظر سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات شروع کر رکھے ہیں۔ اسلام آباد کو جڑواں شہر راولپنڈی سے ملانے والے تمام راستوں پر نہ صرف کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں بلکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کہ شہریوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ ڈیوٹی پرموجود پولیس اہلکاروں کی جانب سے سخت تلاشی لینے کے عمل کے دوران اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعات بھی ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں بعض مقامات پر پٹرول اسٹیشن بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناہے جو پٹرول اسٹیشن کھلے ہوئے ہیں وہاں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تکالیف اور دشواریوں کا سامنا کرنے پر شہریوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فساد کے خطرے کے پیش نظر مجبوری میں سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کی جانب اشارہ کرتے ہو ئے کہا کہ فسادی جدید اسلحے سے لیس ہیں اور املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آزادی نہیں بلکہ بربادی مارچ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابی اصلاحات کے لئے کمیٹی بنا دی ہے تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ کمیٹی میں آکر تجاویز دے۔

جینا مرنا پاکستان میں ہے: پرویز مشرفتصویر: REUTERS

دریں اثناء ملکی آئین توڑنے کے الزمات پر سنگین غداری کے مقدمے کا سامنا کرنے والے پاکستان کے سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے بھی اتوار کو تین ماہ بعد خاموشی توڑ دی ہے۔ کراچی سے ٹیلی فون پر اسلام آباد میں اپنی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ اگر حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی تو مستعفی ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روز گاری بڑھ رہی ہے اور لوگوں کو نوکریاں نہیں مل رہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک چھوڑ کر کہیں نہیں بھاگ رہے بلکہ اپنی بیمار والدہ کی عیادت کے لئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے اور وہ واپس پاکستان ہی آئیں گے۔اس سے قبل ان کی جماعت کے کنونشن میں پرویز مشرف کو پارٹی کاچیئرمین منتخب کر لیا گیا۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں