1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنوں کی اکثریت کن تین موضوعات پر بالعموم بات نہیں کرتی

29 مارچ 2022

دنیا کے ہر معاشرے میں کئی موضوعات ایسے ہوتے ہیں، جن پر عام لوگ کھل کر گفتگو کرتے ہیں۔ لیکن سبھی معاشروں میں چند موضوعات ایسے بھی ہوتے ہیں، جن پر بات کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس ہوتی ہے اور جنہیں شجر ممنوعہ سمجھا جاتا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa/M. Wuestenhagen

ایک تازہ سروے کے مطابق جرمن باشندوں کی اکثریت عام طور پر تین موضوعات پر سماجی گفتگو سے بہت پرہیز کرتی ہے۔ یہ موضوعات جنسیت اور جنسی رویے، انسانی رشتوں میں پائے جانے والے مسائل اور مالی مشکلات ہیں۔

کیا جرمنی میں صنفی مساوات پائی جاتی ہے؟

جرمن خواتین کے معروف جریدے 'برِیگِٹے‘ کی طرف سے ایک مارکیٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ آئی پی ایس او ایس کی مدد سے کرائے گئے جائزے کے مطابق عام جرمن باشندے اگرچہ آج بھی سیکس، انسانی رشتوں اور مالی مشکلات کے بارے میں کھل کر بات نہیں کرتے، مگر ماضی کے مقابلے میں یہ رجحان اب قدرے تبدیل بھی ہو چکا ہے۔ اس لیے کہ برسوں پہلے تو اس بارے میں گفتگو کرنا ایسے ہی تھا جیسے یکدم سورج مغرب سے نکل آیا ہو۔

جنسی زندگی کے بارے میں گفتگو

اس سروے کے مطابق ان تینوں موضوعات کے حوالے سے سماجی رویے دس سال پہلے کے مقابلے میں اب کسی حد تک تبدیل تو ہو چکے ہیں، تاہم ان موضوعات کو سماجی سطح پر گفتگو کے ممنوعہ موضوع سمجھا جانا ابھی تک ختم نہیں ہوا۔

اس جائزے کے منگل انتیس مارچ کے روز جاری کردہ نتائج کے مطابق 28 فیصد خواتین اور 22 فیصد مردوں نے تو یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کے حلقہ احباب یا گھرانے میں ایسا کوئی فرد موجود ہی نہیں، جس کے ساتھ وہ اپنی جنسی زندگی کے بارے میں بات کر سکیں۔

جرمن باشندے اپنی جنسی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے آج بھی بہت ہچکچاتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/C. Gateau

تنخواہ بھی ممنوعہ موضوع

اس سروے میں تقریباﹰ ہر پانچویں جرمن باشندے (18 فیصد خواتین اور 19 فیصد مردوں) نے کہا کہ وہ کسی سے اپنی تنخواہ یا کام کی اجرت کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتا۔

اس کے علاوہ دو تہائی سے زیادہ رائے دہندگان (68 فیصد) کا کہنا تھا کہ ان کی نجی زندگی میں کم از کم کوئی ایک موضوع تو ایسا ہوتا ہی ہے، جس کے بارے میں وہ کسی دوسرے انسان سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔

تعلقات میں مشکلات

جہاں تک انسانوں کے دیگر انسانوں کے ساتھ خونی یا سماجی رشتوں کا تعلق ہے، تو جرمن مردوں اور عورتوں کے اپنے مسائل کے بارے میں کسی حد تک مشورے کے لیے ساتھی مختلف طرح کے ہوتے ہیں۔

جرمنی، فارغ رہنے کے بدلے بارہ سو یورو ماہانہ ملیں گے

جن خواتین کو اپنے تعلقات میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، وہ اگر کسی سے مشورے کے لیے بات کریں بھی، تو وہ 48 فیصد واقعات میں عورتیں ہی ہوتی ہیں۔ اس کے برعکس جن مردوں کو اپنے سماجی رشتوں میں مسائل کا سامنا ہوتا ہے، وہ ان کے بارے میں زیادہ تر شریک حیات سے بات کرنا پسند کرتے ہیں۔

عام جرمن مرد اور خواتین اس بارے میں بات کرنا بھی پسند نہیں کرتے کہ ان کی تنخواہ یا ماہانہ آمدنی کتنی ہےتصویر: Daniel Reinhardt/dpa/picture alliance

تین چوتھائی جرمنوں کی خواہش

اس سروے میں تقریباﹰ تین چوتھائی (72 فیصد) رائے دہندگان نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ سماجی سطح پر مختلف طرح کے مسائل پر زیادہ کھلے پن کے ساتھ بات کی جانا چاہیے۔ ان جرمن باشندوں کی رائے میں سماجی رویوں کی سطح پر یہ ممکن ہونا چاہیے کہ انسان زیادہ نجی نوعیت کے معاملات میں بھی اپنے قریبی انسانوں سے کھل کر بات کر سکے۔

جرمنی کے امیر اور غریب شہریوں میں آمدن کی تفریق بڑھتی ہوئی

اسی سروے میں 65 فیصد رائے دہندگان نے یہ بھی کہا کہ شجر ممنوعہ سمجھے جانے والے موضوعات پر دوسرے انسانوں سے کھل کر گفتگو کرنے کا کوئی نقصان تو نہیں بلکہ صرف فائدہ ہی ہو سکتا ہے۔

اس جائزے کے لیے جرمنی کے مختلف شہروں میں 16 سے لے کر 75 برس تک کی عمر کے ایک ہزار باشندوں سے ان کی رائے لی گئی۔

م م / ا ا (ڈی پی اے، آئی پی ایس او ایس)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں