1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی، آئرلینڈ اور شمالی فرانس کو سمندری طوفان کا سامنا

عابد حسین
3 جنوری 2018

سمندری طوفان ایلینور نے بعض یورپی ملکوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ جرمنی سمیت دیگر یورپی ملکوں کے کئی علاقوں میں روزمرہ کا نظام زندگی شدید انداز میں متاثر ہوا ہے۔

Frankreich Winter-Sturm Eleanor
تصویر: Getty Images/AFP/F. Lo Presti

نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق جرمنی، شمالی فرانس، آئرلینڈ اور چند برطانوی علاقوں میں سمندری طوفان کے ساتھ آنے والی شدید بارشوں اور تیز رفتار جھکڑوں نے مختلف شہروں اور قصبوں میں روزانہ کے معمولات کو درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے۔ اس طوفان کے ساتھ چلنے والے جھکڑوں کی رفتار ڈیڑھ سو کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد تھی۔

سمندری طوفان کے سبب بھارت اور سری لنکا میں 26 ہلاکتیں

فلپائن کو سمندری طوفان نے سوگوار کر دیا

سمندری طوفان ارما نے فلوریڈا میں تباہی مچا دہی

میکسیکو: زلزلے کے بعد سمندری طوفان، کم از کم 61 ہلاکتیں

بدھ تین جنوری کو کئی جرمن شہروں کو بھی تیز رفتار ہواؤں کا سامنا ہے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے کئی سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں۔ کم از کم ایک ریل گاڑی کے پٹری سے اترنے کا بتایا گیا ہے۔ کئی بڑے شہروں کے چڑیا گھروں کو آج بند رکھا گیا ہے۔ کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کو رپورٹ نہیں کیا گیا۔

شمالی فرانس میں تیز رفتار طوفان نے بجلی کے کئی کھمبے اکھاڑ پھینکے اور اس باعث تقریباً دو لاکھ افراد کو بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔ فرانس میں بجلی کے نظام کی نگرانی کرنے والے ادارے کے مطابق دو ہزار سے زائد اہلکار بجلی کے گرے ہوئے کھمبوں کی ازسرنو تنصیب کے ساتھ ساتھ تباہ ہونے والے ٹرانسفارمرز کی مرمت میں مصروف ہیں۔

کئی جرمن شہروں کو بھی تیز رفتار ہواؤں کا سامنا ہے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے کئی سڑکیں زیر آب آ گئی ہیںتصویر: picture-alliance/abaca/Andbz/Desfoux

فرانسیسی ریلوے کے مطابق نارمنڈی اور السیس کے درمیان تیز رفتار اور علاقائی ریل گاڑیوں کی سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ اسی طرح فرانسیسی شہر اسٹراسبورگ اور سوئٹزرلینڈ کے شہر بازل کے ہوائی اڈوں کو طوفانی ہوا کا سامنا رہا اور کئی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ فرانسیسی سمندری حکام نے لوگوں کو کشتی رانی اور کشتی میں بیٹھ کر سمندر کا لطف لینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

طوفان کے تیز رفتار جھکڑوں سے فرانس کے بعض شہروں میں کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچاتصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Camus

جمہوریہ آئرلینڈ کو بھی ایلینور طوفان کی شدت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس یورپی ملک کے پچپن ہزار مکانات کی بجلی کی سپلائی منقطع ہو چکی ہے۔ ابھی طوفان سے ہونے والے دیگر نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ برطانیہ کے زیرکنٹرول شمالی آئرلینڈ میں بیس ہزار کے قریب لوگ بدھ تین نومبر کو بغیر بجلی کے گزر بسر کر رہے ہیں۔

انگلینڈ کے بعض علاقوں میں طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ڈھائی ہزار مکانات اور دوکانیں بغیر بجلی کے ہیں۔ طوفان نے ایک گرڈ اسٹیشن کو بھی شدید نقصان پہنچایا اور اس کی وجہ سے قرب و جوار کے علاقے میں بجلی کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ آئرلینڈ کے ایک شہر گالوے کو موسلادھار بارش کے بعد شدید سیلاب کا بھی سامنا ہے۔

فلوریڈا میں سمندری طوفان کے بعد کے مناظر

01:06

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں