1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: آج سے سالانہ ’بائے روتھ فيسٹول‘ کا آغاز

عاصم سليم25 جولائی 2013

جرمنی ميں آج جمعرات پچيس جولائی سے سالانہ بائے روتھ فيسٹول شروع ہو رہا ہے۔ يہ تہوار ايک ماہ تک جاری رہے گا اور اس ميں ملکی چانسلر انگيلا ميرکل سميت کئی ديگر اہم شخصيات کی شرکت متوقع ہے۔

تصویر: Getty Images

بائے روتھ فيسٹول ميں اس سال ماضی کے نامور جرمن کمپوزر رچرڈ واگنر کی پيدائش کے دو سو سال مکمل ہونے کے سلسلے ميں تقريبات کا انعقاد ہو رہا ہے۔ واگنر سن 1813 ميں پيدا ہوئے تھے اور ان کی وفات 1883ء ميں ہوئی تھے۔ انہيں اوپیرا کے ليے موسيقی کمپوز کرنے کے حوالے سے جانا اور مانا جاتا ہے۔

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل اپنے خاوند يوآخم زاؤور کے ساتھ اس تہوار ميں قريب ہر برس ہی شرکت کرتی ہيں۔ ان کے علاوہ ملک کے کئی ديگر اہم سياستدان اور فلمی دنيا سے تعلق رکھنے والی کئی شخصيات بھی بائے روتھ فيسٹول ميں شرکت کرتی ہيں۔

تہوار کی سربراہان، واگنر کی دو پوتيوں نے واگنر کی پيدائش کے دو سو سال مکمل ہونے کے سلسلے ميں ان کے مشہور اوپیرا ’رنگ سائيکل‘ کے انعقاد کا انتظام کيا ہے۔ يہ چار اوپیرا ڈرامے جرمنی کی تاريخ کے کليتی خداؤں اور ہيروز پر مبنی ہيں اور ان کا شمار واگنر کے اہم ترين شاہکاروں ميں ہوتا ہے۔

رنگ سائيکل کو سب سے پہلے 1876ء ميں جرمن رياست باویريا کے شہر بائے روتھ ميں پيش کيا گيا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن نيوز ايجنسی ڈی پی اے کے مطابق رنگ سائيکل ميں مجموعی طور پر چار پرفارمنس ہوں گی اور اس سلسلے ميں ’داس رائن گولڈ‘ نامی پہلی اسٹيج پرفارمنس جمعہ چھبيس جولائی سے شروع ہو رہی ہے۔ برلن سے تعلق رکھنے والے تھيٹر کے ہدايتکار فرانک کاسٹروف اس پرفارمنس کی ڈائريکشن کے فرائض انجام ديں گے اور اطلاعات کے مطابق وہ واگنر کے رنگ سائيکل کو ايک نئے زاويے کے ساتھ پيش کريں گے۔ کاسٹروف کے قريبی ذرائع کے بقول وہ ’داس رائن گولڈ‘ ميں تيل کی صنعت پر توجہ مرکوز کريں گے کيونکہ آج کل تيل سونے کی سی ہی حيثيت رکھتا ہے۔ ناقدين اور رچرڈ واگنر کے کام کے مداح اس مختلف زاويے والی پرفارمنس کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہوں گے۔

رنگ سائيکل کو سب سے پہلے 1876ء ميں جرمن رياست باویريا کے شہر بائے روتھ ميں پيش کيا گيا تھا، جہاں واگنر نے اپنا تھيٹر اور اپنی رہائش گاہ ’وائن فريڈ‘ بھی تعمير کرائی تھی۔ اس سال بائيس مئی کو لائپزگ اور بيروت ميں رچرڈ واگنر کی دو سو ويں سالگرہ کی سرکاری تقريبات کا انعقاد کيا گيا تھا۔

بائے روتھ فيسٹول ہر سال اوپیرا کے نامور جرمن کمپوزر رچرڈ واگنر کی ياد ميں منعقد کيا جاتا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں