جرمنی: افغان تارکین وطن کی ٹرک میں اسمگلنگ
28 نومبر 2020جرمنی کے جنوبی مشرقی شہر روزن ہائم میں پولیس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پانچ افغان تارکین وطن افراد ایک کارگو ٹرک کے ذریعے جرمنی میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان افراد کو انسانی اسمگلنگ کی کوشش کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے ایک بیان کے مطابق یہ واقعہ بروز جمعرات چھبیس نومبر کی سہ پہر میں اس وقت پیش آیا جب ٹرک ڈرائیور نے دیکھا کہ اس کا ٹرک ضرورت سے زیادہ ہل رہا ہے۔ اس وجہ سے ڈرائیور نے جرمن ریاست باویریا کے شہر روزن ہائم کے قریب ایک فری وے اسٹیشن پر ٹرک کچھ دیر کے لیے روکنے کا فیصلہ کیا۔
ڈرائیور جیسے ہی 20 ٹن وزنی کارگو ٹرک کا معائنہ کرنے لگا، تو اچانک سے متعدد افراد ٹرک کے اندر سے چھلانک لگا کر باہر نکلنے لگے اور تیزی سے فرار ہوگئے۔
بعد ازاں پولیس حکام نے اس گروہ کا پتہ لگا لیا، جس میں 19 سے 38 برس کی عمر کے چار مرد اور ایک 16 سالہ لڑکا بھی شامل تھا۔ ان میں سے کسی کے پاس بھی اپنی شناخت کروانے کے لیے کسی قسم کی کوئی دستاویز موجود نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیے: تارکین وطن کورونا بحران کی وجہ نہیں بلکہ اس سے متاثر ہو رہے ہیں، میرکل
وفاقی پولیس نے روزن ہائم میں مترجمین کی مدد سے ان سے پوچھ گچھ کی اور پھر انہیں مہاجرین کے امدادی گروپ میں منتقل کردیا گیا۔
ٹرک میں دو دن تک چھپنا
پولیس کی جانب سے ٹرک ڈرائیور سے بھی تفتیش کی گئی۔ حکام کے مطابق ڈرائیور ٹرک میں ان افراد کی موجودگی سے باخبر نہیں تھا لہٰذا اسے پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
پولیس کے مطابق اس ڈرائیور نے منگل کے روز رومانیہ سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا جو کہ ہزار کلومیٹر دور جرمنی میں اختتام پذیر ہونا تھا۔
پولیس کے زیر حراست افغان تارکین وطن باشندوں نے بتایا کہ انہوں نے افغانستان سے جرمنی پہنچنے کے لیے اسمگلرز کو فی بندہ 5500 سے 6000 یورو تک رقم ادا کی تھی۔ اور یہ تارکین وطن افراد پہلے کچھ راستہ پیدل چل کر اور کچھ حد تک گاڑیوں کے ذریعے سفر کرتے رہے اور پھر بالآخر رومانیہ پہنچ گئے۔
مزید پڑھیے: ترک وطن اور پناہ کی تلاش: یورپی یونین میں انسانی حقوق کی صورت حال
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ جرمنی جانے سے پہلے درختوں کے تنوں سے لیس ٹرک کے اندر دو روز تک چھپے بیٹھے تھے۔
جنوب مشرقی جرمنی میں حالیہ چند ہفتوں میں ایسے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں۔ اس تازہ ترین واقعے کے نتیجے میں پولیس نے انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے کے لیے سرحدی علاقے میں ٹرکوں کی مزید چیکنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ع آ / ع ح (ڈی پی اے)