1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور اسرائیل کی دوستی برقرار رہے گی، جرمن صدر

3 جولائی 2021

جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائرنے اسرائیل کے اپنے تین روزہ سرکاری دورے کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے برسوں کے سیاسی جمود کے بعد ایک ”نئے آغاز" کے لیے یہودی مملکت کی تعریف کی۔

Israel Premierminister Naftali Bennett trifft deutschen Bundespräsidentien Steinmeier
جرمن صدراشٹائن مائراور اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹتصویر: Debbie Hill/AP Photo/picture alliance

پچھلے دو برسوں کے دوران چار انتخابات کے باوجود اسرائیل ایک مستحکم حکومت کے قیام میں کامیاب نہیں ہوسکا تھا اور گزشتہ ماہ آٹھ سیاسی جماعتوں پرمشتمل ایک اتحادی حکومت قائم ہوسکی۔ جس کے بعد بارہ برس تک اقتدار میں رہنے کے بعد سابق وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو اقتدار چھوڑنا پڑا۔

جرمن صدراشٹائن مائرکا کہنا تھا،”بلاشبہ آٹھ جماعتوں پر مشتمل حکومت کے ذریعہ ملک کا نظم و نسق سنبھالنا آسان کام نہیں ہے اور وہ بھی ایک ایسے ملک میں جسے بہت سارے مسائل موجود ہیں۔"

اسرائیل سیاسی، مذہبی اور ثقافتی تقسیم سمیت متعدد مسائل سے دوچار ہے۔ دائیں بازو اور بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کے درمیان رسہ کشی چلتی رہتی ہے، مذہبی اور سیکولر گروپوں کی اپنی اپنی ترجیحات ہیں اور یہودیوں اور عربوں کے درمیان نسلی کشیدگی اکثر تشدد کوبھڑکا دینے کا سبب بن جاتی ہے۔

اتحادی حکومت کے قیام کے باوجود اس بات پر اب بھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے کہ آیا اتحاد میں شامل مختلف نظریات کی حامل سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکیں گی؟

جرمنی نازی دور کی برائیوں سے آج بھی محفوظ نہیں، شٹائن مائر

مشرق وُسطیٰ تنازعے کے دو ریاستی حل کے حامی ہیں، جرمن صدر

جرمن صدر اشٹائن مائر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی رہنماؤں کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد ان کا تاثر ہے کہ اتحادی حکومت حکمرانی کے روزمرہ کے کاموں کے تئیں ”پورے جذبے" اور”لگن" کے ساتھ مل کر کام کرنے کے حوالے سے پرامید ہے۔

جرمن صدراشٹائن مائریادواشیم ہولوکاسٹ میموریل میں اسرائیلی صدر کےساتھتصویر: Ammar Awad/REUTERS

جرمن صدر کی اسرائیل میں کیا مصروفیات رہیں؟

اشٹائن مائر کو گزشتہ برس ہی اسرائیل کا دورہ کرنا تھا لیکن کووڈ انیس کی وبا کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔ یہ کورونا وائرس کا بحران شروع ہونے کے بعد ان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔

اشٹائن مائر نے جمعے کے روز اسرائیل کے سبک دوش صدر ریوین ریولین سے ملاقات کی اور ملک کے پہلے وزیر اعظم ڈیوڈ بن گورین کے نجیو ریگستان میں قبر پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔

اشٹائن مائر نے کہا کہ انہیں ”خوشی" ہے کہ وہ اپنے اسرائیلی ہم منصب کوملک کے بانی کی قبر پر رخصت کر رہے ہیں۔ ریولین سات جولائی کو صدر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ہیں۔

اسرائیل کے یادواشیم ہولوکاسٹ میموریل کے اپنے پہلے دورے کے دوران جرمن صدر نے کہا کہ جرمنی کے نام پر ”جو ناقابل بیان تکالیف‘‘ اٹھانی پڑی ہیں اس سے ”ہمیں تکلیف اورشرمندگی" ہے۔

اشٹائن مائر کے ساتھ ملاقات کے دوران ریوین ریولین نے کہا کہ جرمنی ”سامیت دشمنی کے خلاف جاری جنگ میں اسرائیل کا مضبوط ساتھی" رہا ہے اور ”جو دہشت گرد طاقتیں ہمیں دنیا کے نقشے سے مٹانے کی خواہش مند ہیں، ان کے خلاف اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔"

اسرائیل: نیتن یاہو کا اقتدار ختم، نیفتالی بینیٹ نئے وزیر اعظم

برلن میں اسرائیل مخالف مظاہرہ، سامیت دشمنی کے خوف میں اضافہ

اسرائیلی صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق اشٹائن مائر نے ریولین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،”اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ دنیا میں کتنی تیزی سے تبدیلیاں ہورہی ہیں۔ ہم اسرائیل اور جرمنی کے درمیان اپنی خصوصی دوستی کو بچائے رکھنے کے لیے ہرممکن کوشش کرتے رہیں گے۔ جرمنی اسرائیل کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور اسرائیل جرمنی کاایک اچھا دوست بنا رہے گا۔"

ج ا/  ع ت (ڈی پی اے، اے پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں