1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور اسرائیل کے درمیان دوری بڑھتی ہوئی

17 اپریل 2026

اسرائیل کے وزیر خزانہ نے جرمن چانسلر کے اسرائیلی آبادکاری پالیسی سے متعلق مؤقف پر سخت تنقید کی ہے۔ یہ تنقید دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دوری کی تازہ علامت ہے۔ اس وقت جرمنی اور اسرائیل کے تعلقات کس حالت میں ہیں؟

نیتن یاہو اور میرس ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے
پیر کے روز نیتن یاہو سے ٹیلیفون پر گفتگو کے بعد میرس نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کے “عملاً الحاق” کے خلاف بات کیتصویر: Michael Kappeler/dpa/picture alliance

اس ہفتے کے آغاز میں جب جرمن چانسلر فریڈرش میرس نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے فون پر بات کی تو یہ دنیا کے لیے دو رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ایک معمول کی گفتگو معلوم ہوتی تھی۔

بعد میں میرس کے ترجمان نے اس گفتگو کے بارے میں ایک پریس ریلیز جاری کی۔ اس کے آخری دو جملوں میں کہا گیا، ''گفتگو میں چانسلر نے فلسطینی علاقوں میں حالیہ پیش رفت پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ مغربی کنارے کا عملاً جزوی الحاق نہیں ہونا چاہیے۔‘‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی چانسلر کے اکاؤنٹ سے جرمن اور انگریزی دونوں زبانوں میں یہی پیغام شیئر کیا گیا، ''میں نے واضح کر دیا، مغربی کنارے کا عملی الحاق نہیں ہونا چاہیے۔‘‘

یہ کوئی نئی بات نہیں تھی۔ مثال کے طور پر جولائی 2025 کے وسط میں دونوں سربراہانِ حکومت کے درمیان ہونے والی ایک فون کال کے بعد جرمن حکومت نے کہا تھا کہ چانسلر نے اس بات پر زور دیا تھا کہ مغربی کنارے کے الحاق کی جانب کوئی قدم نہیں اٹھایا جانا چاہیے۔

اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات رواں برس موسم خزاں میں متوقع ہیں اور اس تناظر میں اسموٹریچ سیاسی طور پر خود کو نیتن یاہو سے مختلف ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیںتصویر: Saeed Qaq/SOPA Images/Sipa USA/picture alliance

جرمن چانسلر کے بیان پر تنقید

لیکن اس بار جرمنی کے اس انتباہ کے بعد زبانی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا، جب اسرائیلی وزیرِ خزانہ بیزالل اسموٹریچ نے سوشل میڈیا پر میرس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے ایکس پر لکھا، ''وہ دن گزر چکے جب جرمن یہ طے کرتے تھے کہ یہودی کہاں رہ سکتے ہیں اور کہاں نہیں۔آپ ہمیں دوبارہ پسماندہ بستیوں (گھیٹوز) میں قید نہیں کر سکتے، خاص طور پر ہماری اپنی سرزمین میں۔‘‘

اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات رواں برس موسم خزاں میں متوقع ہیں اور اس تناظر میں اسموٹریچ سیاسی طور پر خود کو نیتن یاہو سے مختلف ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بیان اسرائیل میں ہولوکاسٹ یادگاری دن سے ایک روز قبل دیا۔

جرمن چانسلر میرس کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے کا عملی الحاق نہیں ہونا چاہیےتصویر: Debbie Hill/UPI Photo/picture alliance

برلن میں اسرائیلی سفیر کی میرس کی حمایت

برلن میں اسرائیل کے سفیر ران پروسر نے اسموٹریچ کے مؤقف سے اختلاف کیا اور اسرائیلی نشریاتی ادارے 'کان‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے میرس کو 'اسرائیل کا ایک عظیم دوست‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ جرمنوں سے اختلاف کرنا ممکن اور جائز ہے، تاہم یہ بھی کہا کہ اس طرح کے بیانات ہولوکاسٹ کی یاد کو نقصان پہنچاتے ہیں اور حقیقت کو مسخ کرتے ہیں۔

پروسر نے اسموٹریچ پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ ہولوکاسٹ کے سانحے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

غزہ میں قحط اور بھوک، ’جرمنی خاموش نہیں رہ سکتا‘

02:12

This browser does not support the video element.

بڑھتی ہوئی دوری

ایک اسرائیلی وزیر کی جانب سے جرمن چانسلر پر یہ غیر معمولی تنقید دراصل چند ہفتے پہلے ہونے والی ایک اور سفارتی کشیدگی کی جھلک تھی۔ مارچ کے آخر میں اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سار نے اسرائیل میں جرمن سفیر کے اس سوشل میڈیا بیان پر سخت ردِعمل دیا تھا، جس میں مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینی دیہاتیوں پر تشدد کا ذکر کیا گیا تھا۔

حالیہ ہفتوں میں سوشل میڈیا پر ہونے والی یہ تلخ بحثیں صرف آن لائن ماحول کی سختی نہیں دکھاتیں بلکہ جرمنی اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی دوری کی جانب نشاندہی بھی کرتی ہیں۔

جرمنی اور اسرائیل کے درمیان آخری مشترکہ حکومتی مشاورت 2018 میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں واضح سرد مہری دیکھی جا رہی ہے۔

جرمنی بار بار کہتا رہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں نئی اسرائیلی آبادیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی حکومت نے فلسطینی ریاست کے قیام کے خیال کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ بھی ان متنازعہ اسرائیلی بستیوں کو امن معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیتا ہے، جبکہ دوسری جانب فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں متعدد فلسطینی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

ادارت: عدنان اسحاق

(مصنف: کرسٹوفر سٹریک)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں