1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور پرتگال یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں

18 جون 2012

یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے گروپ بی کے تمام میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ اتوار کی رات جرمنی نے ڈنمارک کو اور پرتگال نے ہالینڈ کو شکست دے دی۔ ہالینڈ اور ڈنمارک کی ٹیمیں اب ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔

لارس بینڈر نے فیصلہ کن گول کیاتصویر: Reuters

جرمنی اور ڈنمارک کا میچ روایتی انداز میں کھیلا گیا۔ دونوں ٹیمیں محتاط انداز میں دفاع پر نظر رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے گول پر حملے کرتی رہیں۔ جرمنی اور ڈنمارک کے میچ کا پہلا ہاف ایک ایک گول سے برابر رہا۔ جرمنی کی جانب سے انیسویں منٹ میں فارورڈ کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ پوڈولسکی کا اس ٹورنامنٹ میں یہ پہلا گول تھا۔ یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور پانچ منٹ بعد ہی ڈنمار ک کی جانب سے تجربہ کار مڈ فیلڈر مشائیل کروہن ڈہلی (Michael Krohn-Dehli) نے جرمن گول کیپر کو مات دیتے ہوئے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ یہ میچ یوکرائن کے مغربی شہر لویو (Lviv) میں کھیلا گیا۔

لوکاس پوڈولسکی، جرمنی کے لیے پہلا گول کرنے کے بعدتصویر: Reuters

جرمنی اور ڈنمارک کی ٹیموں نے دوسرے ہاف کی ابتداء بھی پہلے ہاف کی طرح محتاط انداز میں کی۔ جرمن ٹیم نے دوسرے ہاف کے دوران گیند پر اپنا کنٹرول زیادہ رکھا اور کھلاڑی وقفے وقفے سے ڈینش گول ایریا تک پہنچتے بھی رہے لیکن کوئی گول نکل نہیں رہا تھا۔ اس دوران 75 ویں منٹ میں ڈنمارک کی ٹیم نے گول کرنے کا ایک یقینی موقع ضائع کر دیا۔ میچ کے 80 ویں منٹ میں جرمن ٹیم کے فارورڈ نے تال میل کے ساتھ ڈنمارک کے گول پر حملہ کیا۔ ایک خوبصورت پاس پر نوجوان ابھرتے ہوئے جرمن فٹ بالر لارس بینڈر (Lars Bender) نے گول کر کے انٹرنیشنل میچوں میں اپنی طرف سے گول کرنے کا آغاز کیا۔ جرمن بنڈس لیگا میں لارس بینڈر، بائرن لیورکوزن کی طرف سے کھیلتے ہیں اور ان کی عمر 23 برس ہے۔

گروپ بی کا دوسرا میچ یوکرائن کے بڑے شہر خرکیف (Kharkiv) میں کھیلا گیا۔ اس میچ کی ٹیمیں پرتگال اور ہالینڈ کی تھیں۔ اس میچ میں ہالینڈ کے لیے جیت بہت ضروری تھی اور اس کامیابی کی بنیاد پر ہی وہ کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتا۔ ہالینڈ کی ٹیم نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور مشہور فارورڈ کھلاڑی رافاعیل فان ڈئر فارٹ (Rafael van der Vaart) نے گیارہویں منٹ میں گول کر کے پرتگال کی ٹیم کو ششدر کر دیا۔ اس گول کے بعد پرتگال کی ٹیم کو اپنے حواس بحال کرنے میں کچھ دیر لگی۔

پرتگال کی ٹیم نے ایک گول نیچے ہونے کے بعد اپنے کھیل میں مزید تال میل پیدا کرتے ہوئے ہالینڈ کے گول پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ ہالینڈ کے گول کے سترہ منٹ بعد پرتگال کی ٹیم کے کپتان اور معروف تیز رفتار فارورڈ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کے ساتھ برابر تھیں۔ دوسرے ہاف کے 74 ویں منٹ میں کرسٹیانو رونالڈو کو ایک اور گول کرنے کا موقع ملا اور اس طرح پرتگال کی ٹیم دوسرا گول کرنے میں نہ صرف کامیاب ہوئی بلکہ اسی گول کی بنیاد پر اس نے میچ بھی جیتا۔

رافاعیل فان ڈئر فارٹ نے ہالینڈ کی جانب سے پہلا گول کیاتصویر: dapd

گروپ اے اور گروپ بی کے تمام میچ مکمل ہو چکے ہیں۔ دونوں گروپوں سے چار ٹیمیں ٹورنامنٹ سے فارغ ہو گئی ہیں۔ ان میں ہالینڈ، ڈنمارک، سویڈن اور پولینڈ شامل ہیں۔ جرمن ٹیم نے تین میچ جیت کر نو پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ اب گروپ سی اور گروپ ڈی کے دو دو میچ باقی ہیں۔ یہ میچ آج پیر اور کل منگل کے روز شیڈول ہیں۔ پیر کے روز اسپین اور کروشیا کے درمیان میچ ہو گا جب کہ اٹلی کا سامنا آئر لینڈ سے ہو گا۔ آئر لینڈ کی ٹیم پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔ اٹلی جیت کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ سکتا ہے، اگر اسپین کروشیا کو ہرا دے تو۔

یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز اکیس جون سے ہو گا۔ پہلا کوارٹر فائنل میچ چیک جمہوریہ اور پرتگال کی ٹیمیں کھیلیں گی۔ یہ میچ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں کھیلا جائے گا۔ جرمن فٹ بال ٹیم کوارٹر فائنل میں یونان کی ٹیم کا سامنا کرے گا۔ جرمنی اور یونان کی ٹیمیں پولستانی بندرگاہی شہر گڈانسک میں کھیلیں گی۔

ah /mm (AP,AFP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں