1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور گھانا ناک آوٴٹ مرحلے میں داخل

24 جون 2010

جنوبی افریقہ میں جاری انیسویں فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں گروپ ’ڈی‘ کے ایک اہم میچ میں جرمنی نے گھانا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

تصویر: AP

میچ ہارنے کے باوجود گھانا چار پوائنٹس کے ساتھ اس گروپ میں دوسری پوزیشن پر ہے۔ اس طرح گھانا کی ٹیم بھی ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کر گئی ہے۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے اس میچ میں گھانا کی ٹیم نے اگرچہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم اسے کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ اس میچ کو دیکھنے کے لئے 83 ہزار سے زائد تماشائی سٹیڈیم میں موجود تھے۔

جرمنی اس جیت کے ساتھ ہی اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر گیا ہےتصویر: AP

گھانا کے خلاف جیت کے نتیجے میں جرمنی ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ اس گروپ میں سب سے اوپر چلا گیا ہے۔

تین مرتبہ عالمی چیمپیئن جرمنی اس میچ میں بہرحال وہ کھیل نہ دکھا سکی، جس کی اس سے توقع کی جا رہی تھی۔گھانا کی طرف سے جرمن نیٹ پر متعدد بار خطرناک حملے کئے گئے۔ جرمنی نے بھی جوابی حملے کئے تاہم کھیل کے پہلے ہاف تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں رہی۔ اس میچ کا واحد گول جرمنی کی طرف سے 60 ویں منٹ میں ہوا۔

گروپ ’ڈی‘ کے ایک اور دلچسپ میچ میں آسٹریلیا نے سربیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ لیکن یہ دونوں ہی ٹیمیں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم چار پوائنٹس کے باوجود کم گول اوسط کے باعث پہلے ہی ایونٹ سے تقریباً باہر ہو چکی تھی۔ اس کی کم گول اوسط کی وجہ پہلے گروپ میچ میں جرمنی کے ہاتھوں چار صفر کی شکست تھی۔

جرمن ٹیم فتح کا جشن مناتے ہوئےتصویر: AP

دوسری جانب گروپ ’سی‘ میں کھیلے گئے ایک میچ میں انگلینڈ نے سلووینیا کو ایک صفر سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس گروپ سے اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والی دوسری ٹیم امریکہ ہے۔

امریکہ نے الجزائر کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ایک صفر سے فتح حاصل کی۔ اس گروپ میں امریکہ اور برطانیہ بالترتیب پانچ پانچ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ اب جرمنی کو ناک آؤٹ مرحلے کا اپنا پہلا میچ اتوار کے روز انگلینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں