جرمنی میں بیس ہزار یورو ہوا ہو گئے
27 نومبر 2019تفصیلات کے مطابق جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر وٹن میں ایک 69 سالہ شخص نے بینک سے ایک بڑی رقم نکلوائی اور اپنی گاڑی کی چھت پر رکھ دی۔ اپنی گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے وہ انجانے میں یہ رقم گاڑی کی چھت سے اٹھانا بھول گئے اور گاڑی میں بیٹھ کرچلتے بنے۔
منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں بوخم پولیس نے کہا ہے کہ 69 سالہ شخص نے جمعے کے روز تین بجکر چالیس منٹ پر وٹن کے ایک بینک سے بیس ہزار یورو نکلوائے جو تقریباً بائیس ہزار ڈالر بنتے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ اس شخص نے یہ رقم ایک لفافے میں رکھی اور پھر گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے یہ لفافہ گاڑی کی چھت پر ہی رکھ کر بھول گئے،'' انہیں اپنی غلطی کا احساس اس وقت ہوا جب تھوڑی دیر بعد انہوں نے اپنی گاڑی روکی۔ جب وہ اپنی گاڑی سے باہر نکلے تو انہیں یاد آیا کہ رقم والا لفافہ تو کہیں اڑ چکا ہے۔‘‘ شومئی قسمت کہ اس شخص کو چلنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے ان کا ارادہ تھا کہ وہ اس رقم سے نئی گاڑی خریدیں گے۔
پولیس نے رقم تلاش کرنے کی غرض سے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ اگر کسی وہ بیس ہزار یورو والا لفافہ اور رقم ملے تو وہ پولیس اسٹینشن تک پہنچا دے۔