1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: بِھڑوں کا حملہ، 16 بچے ہسپتال

27 اگست 2020

جرمنی کے ایک مغربی شہر میں کئی بچوں کو بھڑوں کے کاٹنے کے بعد ایمرجنسی سروسز کو طلب کر لیا گیا۔ متاثرہ طلبہ کو علاج کے لیے نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا۔

Deutsche Wespe
تصویر: picture-alliance/blickwinkel/M. Lenke

جرمنی کے ایک مغربی شہر لیونڈن شِیڈ کے ایک اسکول پر بھڑوں کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 16 طلبہ کو ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔ آڈولف رائش وائن سیکنڈری اسکول کی انتظامیہ کی طرف سے مقامی وقت کے مطابق دن پونے گیارہ بجے کے قریب ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کیا گیا کہ وقفے کے دوران متعدد طلبہ نے بھڑوں کے ڈنک مارنے کی شکایت کی ہے۔ یہ بات فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ بھڑوں کے حملے کا شکار ہونے والے طلبہ کی عمر 12 سے 15 برس کے درمیان تھی۔

ایمبولینس نے 13 طلبہ کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ لیوڈن شِیڈ ہسپتال کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 11 بچوں کو ایمرجنسی طبی امداد دی گئی جبکہ ان بچوں کے والدین کو مطلع کیا گیا کہ وہ ہسپتال نہ آئیں۔ اس کی وجہ کورونا وائرس کے سبب خصوصی احتیاطی تدابیر ہیں۔

ہسپتال کے ایک ترجمان نے ایک مقامی نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ زیادہ تر طلبہ کو معمولی زخم آئے تھے جبکہ ایک طالب علم کو بھڑوں کے کاٹنے سے ہونے والی الرجی کے سبب ہسپتال میں ہی رکھا گیا۔ ان طلبہ کو کووڈ انیس کا ٹیسٹ بھی کرانا ہو گا۔

ایمبولینس نے 13 طلبہ کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔تصویر: picture-alliance/dpa/M. Klümper

بھڑوں کی طرف سے اس حملے کی وجہ کیا بنی، یہ بات ابھی تک واضح نہیں۔ اس واقعے کے بعد اسکول کا کھیل کا میدان بند کر دیا گیا تا وقتیکہ متعلقہ حکام قریب ہی موجود بھڑوں کے ایک چھتے کو وہاں سے ہٹا نہیں دیتے۔ اسکول کے مطابق اس نے تمام بچوں کو واپس گھروں کو بھیج دیا۔ اس اسکول میں 1200 بچے زیر تعلیم ہیں۔

لیوڈن شیڈ قریب 75,000 کی آبادی والا شہر ہے اور یہ کولون شہر سے قریب ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔

بھڑوں کو جرمنی میں 'فیڈرل نیچر کنزرویشن ایکٹ‘ کے تحت تحفظ حاصل ہے اور بنا کسی مناسب وجہ کے بھڑوں کو چھیڑنا، انہیں پکڑنا، زخمی کرنا یا مارنا جرم ہے جس کی سزا پانچ ہزار یورو سے لے کر 50 ہزار یورو تک ہو سکتی ہے۔

تاہم ایسے لوگ جو بھڑوں کے ڈنگ سے الرجک ہیں انہیں یہ اجازت ہے کہ وہ خطرے کی صورت میں اس جاندار کو مار سکتے ہیں۔

جرمن شہر لیوڈن شیڈ میں بھڑوں کے حملے کا یہ واقعہ 24 اگست کو پیش آیا۔

ا ب ا / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں