1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: تین سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی صدر سے ملاقات

1 دسمبر 2017

گزشتہ شب جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے کرسچن ڈیموکریٹک یونین، کرسچن سوشل یونین اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہان سے ملاقات کی۔ اس دوران حکومت سازی کے موضوع پر تبادلہء خیال کیا گیا۔ کیا یہ ملاقات کامیاب رہی؟

تصویر: picture-alliance/Bundesregierung/G. Bergmann

 جرمنی میں نئی حکومت کب تشکیل پائے گی؟ یہ وہ سوال ہے، جس کا جواب تین بڑی جماعتوں کی سربراہان کی صدر کی سرکاری رہائش گاہ ’بَیلے وُو پیلس‘ میں ہونے والی ملاقات کے بعد بھی فی الحال سامنے نہیں آ سکا۔ صدر فرانک والٹر شٹائن مائر کی دعوت پر چانسلر انگیلا میرکل، ہورسٹ زیہوفر اور مارٹن شُلس تین گھنٹوں تک ممکنہ اتحاد کے موضوع پر تبادلہء خیال کرتے رہے۔ ذرائع ابلاغ کو اس دوران ہونے والی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا اور  توقع کے عین مطابق کوئی اعلامیہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔

تصویر: picture-alliance/Bundesregierung/G. Bergmann

ستمبر کے انتخابات کے بعد حکومت بنانے کے لیے چانسلر میرکل کی سی ڈی یو، ان کی ہم خیال جماعت سی ایس یو، ایف ڈی پی اور گرینز کے مابین مذاکرات ناکام ہو چکے ہیں۔ سوشل ڈیموکریٹس کے ساتھ بات چیت کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔ انتخابات کے فوری بعد ایس پی ڈی نے حکومت کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم  صدر کی درخواست کے بعد اس جماعت نے بات چیت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔

جمعرات کی شب ہونے والی اس ملاقات کے بعد آج جمعے کو ان تینوں جماعتوں کی کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہو رہے ہیں، جن میں پہلی ملاقات کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے بعد ہی عوام کو تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ یہ بھی ابھی غیر واضح ہے کہ کیا کرسمس کی چھٹیوں سے قبل ان تینوں جماعتوں کے مابین حکومت سازی کے لیے مذاکرات کا پہلا باقاعدہ دور شروع بھی ہو سکے گا۔

 

جرمنی میں حکومت سازی کی کوشش، کیا امکانات ہیں؟

04:09

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں