جرمنی، صوبائی وزیر کی لاش ریل کی پٹری پر ملی
29 مارچ 2020جرمن پولیس کو ریاست ہیسے کے وزیر مالیات تھوماس شیفر کی لاش تیز رفتار ٹرینوں کے لیے مخصوص پٹری پر شہر ہوخ ہائم کے قریب سے ملی۔ یہ شہر فرینکفرٹ اور مائنز کے درمیان واقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہاں سے گزرنے والے ایک شخص نے طبی عملے کو اس لاش کی اطلاع دی۔
تفتیش کاروں نے بعد ازاں تصدیق کر دی کہ ہلاک ہونے والے شخص ریاستی وزیر مالیات تھوماس شیفر ہیں اور یہ بظاہر خود کشی کا معاملہ دکھائی دیتا ہے۔ تاہم پولیس نے اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
ریاستی میڈیا کے مطابق 54 سالہ شیفر حالیہ دنوں میں باقاعدگی سے ٹیلی وژن پر دکھائی دے رہے تھے۔ مثال کے طور پر گزشتہ دنوں کے دوران انہیں ایسے کئی پروگرامز میں دیکھا گیا، جن میں انہوں نے عوام کو کورونا وائرس کے اس بحران کے دوران حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے امدادی پیکج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
20 سالہ سیاسی جدوجہد
تھوماس شیفر کا تعلق چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین 'سی ڈی یو‘ سے تھا۔ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے ریاستی سطح پر کی جانے والی سیاست میں متحرک تھے اور تقریباﹰ دس برسوں سے صوبائی وزیر مالیات تھے۔
اس ریاست میں جرمنی کا اقتصادی مرکز فرینکفرٹ بھی واقع ہے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ اگر وزیر اعلی فولکر بوفیے نے 2023ء کے ریاستی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تو وہ ہیسے کے نئے وزیر اعلی ہو سکتے تھے۔
اس واقعے پر وزیر اعلی فولکر بوفیے نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ کے لیے یہ خبر ناقابل یقین اور صدمے کا باعث تھی،'' ہم سب صدمے میں ہیں اور یقین ہی نہیں آ رہا کہ شیفر اس طرح اچانک اور غیر متوقع انداز میں اس دنیا سے چلا جائے گا۔ ہماری تمام تر ہمدریاں ان کے قریبی رشتے داروں کے ساتھ ہیں۔‘‘
تھوماس شیفر نے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بچوں کو چھوڑا ہے۔
ع ا / ش ح (ویسلے راہن)