جرمنی، غیر شادی شدہ جوڑوں کو سفر کی اجازت
8 اگست 2020
الگ الگ ملکوں میں مقیم پریمی جوڑے کچھ عرصے سے شکایت کر رہے تھے کہ حکومتوں کی طرف سے اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے سفر کی اجازت نہ دینا ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
کورونا بحران کے دوران یورپی یونین نے کئی ماہ تک باہر سے آنے والوں پر پابندی لگا رکھی تھی، تاہم شدہ شدہ جوڑوں اور مخصوص سیکٹرز میں مزدوروں کو سفر کی اجازت دے دی گئی تھی۔
’محبت سیاحت نہیں‘
سوشل میڈیا پر سفری قوانین میں اس نرمی کے لیے جاری مہم کا عنوان 'محبت سیاحت نہیں‘ ہے۔ اس مہم کے بعد یورپی یونین کے آٹھ ممالک نے غیر شادی شدہ جوڑوں کو سفر کی اجازت دے دی تھی، جن میں پہل ڈنمارک اور ہالینڈ نے کی تھی۔
یورپی یونین کے اندرونی دباؤ کے بعد جرمنی نے اب فیصلہ کیا ہے کہ پیر سے بلاک کے باہر سے ان افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی، جن کے ساتھی پہلے سے یہاں مقیم ہیں۔
لیکن اس کے لیے جرمنی میں موجود پارٹنرزکو اپنے ساتھی کے سفر کے لیے باقاعدہ دعوت نامہ جاری کرنا ہوگا اور دونوں کو مشترکہ حلف نامے پر دستخط کرنا ہوں گے کہ ان کے پہلے سے تعلقات ہیں اور وہ ساتھ بھی رہ چکے ہیں۔
لازمی ٹیسٹنگ
کورونا کے حوالے سے ہائی رسک ممالک، مثلاﹰ امریکا، ترکی اور ایران سے بھی لوگوں کو آنے کی اجازت دی جائے گی۔ لیکن ان مسافروں کو لازمی طور پر جرمنی میں کورونا ٹیسٹ کے عمل گزرنا ہوگا اور جب تک رپورٹ سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ وہ وائرس سے متاثرہ نہیں، انہیں قرنظینہ میں رہنا ہوگا۔
جرمنی صوبوں کو اپنے لیے مزید احتیاطی قواعد و ضوابط لاگو کرنے کا اختیار ہے اور حکام کے مطابق باہر سے آنے والے مسافروں کو ان مقامی ہدایات کی پاسداری بھی کرنا ہوگی۔
(اے ایف پی، ڈی پی اے)