1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمنی، مسافر کے سامان میں سے بلی کے بچے برآمد

15 مارچ 2024

پولیس کے مطابق حکام کو ایک بس میں موجود سامان میں سے بلی کے بچوں کے رونے کی آوازیں آئیں، جس کے بعد معلوم ہوا کہ ان بلونگڑوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی لایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اٹھارہ بلی کے بچوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی لایا گیا ہے
پولیس کے مطابق اٹھارہ بلی کے بچوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی لایا گیا ہےتصویر: picture-alliance/F. Herrmann

جرمن پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک کارروائی کے دوران جرمنی اور چیک ریپبلک کی سرحد کے ذریعے اٹھارہ بلونگڑوں کے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی میں لائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی جرمن ریاست باویریا کے شہر وائڈ ہاؤس کے قریب A6 موٹر وے پر تعینات افسران کو ایک بس میں موجود سامان میں سے بلی کے بچوں کی رونے کی آوازیں سنائی دینے کے بعد کی گئی۔ ان افسران نے جب بس کی تلاشی لی تو انہیں چھ ڈبوں میں اٹھارہ بلونگڑے ملے، جن کی عمر بارہ ہفتے ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ان بلی کے بچوں کو جانوروں کو پناہ فراہم کرنے والے ایک ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان بلی کے بچوں کو جرمنی لانے والے شخص، جس کی عمر 37 سال ہے، کے خلاف فراڈ اور جانوروں کی صحت سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بلی کے بچوں کو لے کر جمعرات کی شام جرمنی پہنچا تھا اور یہاں اس نے ان کی ویکسینیشن کے جعلی ریکارڈ دکھائے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ملزم نے حکام کو بتایا ہے کہ وہ ان بلی کے بچوں کو پیرس لے جانا چاہتا تھا۔

جرمن قانون کے تحت کم عمر جانوروں کو ملک میں لانے پر پابندی عائد ہے اور یہاں لائے جانے والے جانوروں کی ویکسینیشن کرانا بھی لازمی ہے۔

م ا ⁄ ر ب (ڈی پی اے)

 

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں