جرمنی ميں مہاجرين کی مدد کے ليے اضافی مالی امداد کا اعلان
3 نومبر 2016جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق چانسلر انگيلا ميرکل کی حکومت نے اس سال ملک کی سولہ رياستوں اور بلدياتی حکومتوں کے ليے اضافی 2.55 بلين يورو کی مالی امداد کا اعلان کيا ہے۔ بدھ دو نومبر کے روز ہونے والی پيش رفت ميں ملکی کابينہ نے آئندہ برس کے ليے بھی مہاجرين کی ديکھ بھال اور انہيں سہوليات کی فراہمی کے ليے 1.16 بلين يورو اضافی امداد فراہم کرنے کا فيصلہ کر ليا ہے۔
اس پيش رفت کے نتيجے ميں مہاجرين کی امداد کے ليے رواں سال صوبائی اور بلدياتی اداروں کو دی جانی والی مجموعی رقوم ساڑھے نو بلين يورو تک جا پہنچے گی۔ ان رقوم سے پناہ گزينوں کو رہائش اور ديگر سہوليات فراہم کی جا رہی ہيں۔
برلن حکومت کے اندازوں کے مطابق ملک ميں مہاجرين کو پناہ فراہم کرنے کے اخراجات سن 2020 تک ساڑھے چوبيس بلين يورو تک پہنچ جائيں گے۔ وفاقی حکومت اب تک رواں سال کے ليے صوبائی حکومتوں کو تين بلين يورو کی پيشگی رقم فراہم کر چکی ہے۔
جرمنی ميں ہر ايک مہاجر کی ديکھ بھال پر ماہانہ 670 يورو کے اخراجات آتے ہيں۔ برلن حکومت صوبائی حکومتوں کو اس حساب سے رقوم ادا کرتی ہے۔ اضافی مالی امداد تنہا سفر کر کے پناہ کے ليے جرمنی پہنچنے والے نابالغ بچوں کی ديکھ بھال کے علاوہ انضمام جيسے معاملات پر خرچ کی جائے گی۔
يہ امر اہم ہے کہ گزشتہ برس شام، عراق، افغانستان، پاکستان اور چند شمالی افريقی ممالک سے ايک ملين مہاجرين نے سياسی پناہ کے ليے جرمنی کا رخ کيا۔ اتنی بڑی تعداد ميں مہاجرين کی آمد کے سبب صوبائی حکومتوں اور وفاق کو بہت سے انتظامی مسائل کا سامنا ہے۔