1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں آتش بازی کے دوران مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک

1 جنوری 2025

جرمنی میں سال نو کے آغاز پر کی جانے والی آتش بازی کے دوران رونما ہونے والے حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ نقص امن کا باعث بننے والے سینکڑوں افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

برلن کے مشہور زمانہ ٹی وی ٹاور پر آتش بازی کا منظر
برلن کے مشہور زمانہ ٹی وی ٹاور کے اسکوائیر پر نئے سال کا استقبال غیر معمولی آتش بازی سے تصویر: dts-Agentur/picture alliance

 سال 2025 ء کا استقبال کرنے کے لیے جرمنی کے مختلف شہروں میں عوام نے بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر آتش بازی کی۔  نئے سال کے آغاز کی شاندار تقریبات میں ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لیے بُدھ کی رات  سے یکم جنوری کی صبح تک ملک بھر میں ہنگامی سروسز تعینات رہیں۔

 پولیس اور فائر بریگیڈ نے اس دوران کم از کم چار ہلاکتوں کی اطلاع دی۔ یہ چاروں افراد آتش بازی کے دوران ہونے والے حادثات سے شدید زخمی ہوئے تھے۔ کئی شہروں میں ایمرجنسی سروسز پر پائیروٹیکنیک کے ذریعے آتشیں مواد  پھینکا گیا۔ جرمنی میں گزشتہ چند برسوں میں تخریب کاری کے  ایسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ دارالحکومت برلن میں ایک پولیس آفیسر شدید زخمی ہوا اور اُس کی سرجری کرنا پڑی۔

جرمنی میں نئے سال کی سب سے بڑی پارٹی برلن میں

برلن کے یونیورسٹی ہسپتال کے ذرائع  نے نیم شب کے فوراً بعد ہی کہا کہ وہاں آٹھ ایسے افراد  زیر علاج ہیں ہے، جن کے ہاتھ  شدید زخمی ہوئے تھے۔ بعد ازاں زخمیوں کی  تعداد  15 تک پہنچ گئی۔

برلن پولیس کے ترجمان  فلوریان ناتھ نے آن لائن پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا، ''ہمیں تقریباً 320 گرفتاریاں کرنا پڑی ہیں، کئی معاملات میں ریسکیو ورکرز اور پولیس افسران دونوں آتش بازی کی وجہ سے آگ کی زد میں آئے۔‘‘

برلن میں کیا ہوا؟

اطلاعات کے مطابق برلن پولیس کو شہر میں فائر بریگیڈ عملے کی حفاظت فراہم کرنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ برلن پولیس کے ترجمان  فلوریان ناتھ کا کہنا تھا،''ایک پولیس آفیسر شدید زخمی  بھی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ  غیر قانونی فائر ورک کا نشانہ بنا ہے۔‘‘

برلن میں پولیس اور فائر بریگیڈ عملہ پوری رات حرکت میں رہاتصویر: dts-Agentur/picture alliance

کولون اور لائبزش میں آتش بازی کے دوران حادثات

جرمن شہر کولون کی پولیس نے کہا کہ آتش بازی سے افسران اور فائر فائٹرز  کو نشانہ بھی بنایا گیا، جس کی وجہ سے دو اہلکار  زخمی بھی ہوئے۔

جنوبی شہر لائبزش میں تقریباً 50 افراد کے ایک گروپ نے ایمرجنسی سروسز  پر مامور کارکنوں پر حملہ کیا۔ اسی طرح کی رپورٹس اور تصاویر بندرگاہی شہر ہیمبرگ اور دیگر جگہوں سے بھی موصول ہوئی ہیں۔

بڑے گودام میں آتش زدگی

سال نو کے موقع پر مغربی جرمنی کے شہر نوئے ویڈ میں  لکڑی کے ایک گودام میں  آگ لگ گئی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ آتش بازی کی وجہ سے اس گودام میں یہ حادثہ ہوا۔  اس واقع کی اطلاع دوپہر 1 بجے موصول ہونے سے پہلے ہی یہ آتش زدگی سنگین شکل اختیار کر چُکی تھی۔

 نوئے ویڈ کی پولیس کے بیان میں کہا گیا،''اس مقام پر ایک بڑا گودام، جس میں لکڑی اور دیگر چیزوں کو ذخیرہ کیا گیا تھا، مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا۔ متاثرہ مقامی لوگوں کو ہنگامی خدمات کے ذریعے قریبی گھروں سے نکالا گیا اور آگ پر قابو پالیا گیا۔‘‘

سال نو کے موقع پر مغربی جرمنی کے شہر نوئے ویڈ میں لکڑی کے ایک گودام میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ آگ بجھانے کی کوشش میںتصویر: Thomas Frey/dpa/picture alliance

بدھ یکم جنوری کی صبح 6 بجے ملنے والی ایپ ڈیٹس کے مطابق گودام میں لگنے والی آگ کے سبب قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس واقعے میں لاکھوں یورو کے نقصان کا  تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اسی شہر کے سینٹر میں اسی نوعیت کی آتش زدگی کے واقعے کے چند گھنٹوں بعد پولیس نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا،''اس آگ کی وجہ ممکنہ طور پر نئے سال کی آتش بازی بھی ہے۔ اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔‘‘

جرمن شہر ميں نئے سال کی آمد پر آتش بازی ممنوع، مگر کيوں؟

جرمن پولیس میڈیکل اسٹاف اور فائر بریگیڈ کے عملے کی طرف سے حالیہ برسوں میں آتش بازی  یا کم از کم نئے سال کے موقع پر بڑے پیمانے پر آتش بازی پر کچھ پابندیاں عائد کرنے کی  سفارش کی جا چُکی ہے۔

 آتش بازی کو COVID-19 کی وبا کے دوران دو سال کے لیے بند کر دیا گیا تھا، اس کے ساتھ ہی عوامی اجتماعات کو بھی محدود کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے تھے۔

ک م/ ع ب (ڈی پی اے، اے پی)

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں