جرمنی میں ’آسمانوں تک سنائی دینے والی ناانصافی‘
19 مارچ 2015
جرمن سوشل ڈیموکریٹک پارٹی SPD قدامت پسند چانسلر انگیلا میرکل کی قیادت میں موجودہ وفاقی مخلوط حکومت میں شامل ہے۔ ایس پی ڈی کی اس خاتون سیاستدان کی طرف سے آج برلن میں جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ جرمنی میں مردوں اور خواتین کارکنوں کی ایک ہی طرح کا کام کرنے کے باوجود اجرتوں میں اس وقت بھی 22 فیصد فرق پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزگار کی منڈی میں مردوں اور خواتین کو مساوی اجرتوں کی ادائیگی کے سلسلے میں جرمنی کا نام یورپی یونین کی سطح پر سب سے آخر میں آتا ہے۔ یاسمین فہیمی کے مطابق یورپ کی سب سے بڑی معیشت میں کارکنوں کے طور پر مردوں اور خواتین میں صنفی بنیادوں پر کی جانے والی یہ مالی ناانصافی انتہائی حد تک باعث تشویش ہے۔
جرمنی کی اس سوشل ڈیموکریٹ سیاستدان نے اپنا یہ تفصیلی بیان کل جمعہ بیس مارچ کے روز منائے جانے والے مساوی تنخواہ کے دن یا Equal Pay Day کی مناسبت سے اعداد و شمار کے ساتھ جاری کیا۔
جرمنی میں یہ دن ہر سال اس تاریخ کو منایا جاتا ہے، جب تک خواتین کو محض شماریاتی حوالے سے اس لیے کام کرنا پڑتا ہے کہ وہ پچھلا پورا سال کام کرنے کے باوجود اس قدر اجرت حاصل کر سکتیں، جتنی کہ ان کے مرد ساتھیوں نے بارہ مہینے کام کر کے گزشتہ برس ہی حاصل کر لی تھی۔
اس کی ایک مثال دیتے ہوئے یاسمین فہیمی نے کہا کہ 2014ء میں جرمنی میں کسی عام مرد کارکن نے پورا سال کام کر کے 31 دسمبر تک جو مالی معاوضہ حاصل کیا تھا، وہی کام کر کے اتنی ہی سالانہ اجرت حاصل کرنے کے لیے ایک عام خاتون کارکن کو گزشتہ برس یکم جنوری سے لے کر اس سال بیس مارچ تک کام کرنا پڑا۔
اس کا سبب یہ ہے کہ جرمن مرد اور خاتون کارکنوں کی اوسط اجرتوں میں ابھی بھی 22 فیصد یا قریب ایک چوتھائی کا فرق پایا جاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں کسی مرد کارکن کو مساوی مدت تک کوئی کام کرنے کے اگر 100 یورو ادا کیے جاتے ہیں تو خاتون کارکنوں کو اسی کام کے محض 78 یورو ملتے ہیں۔
یاسمین فہیمی کے مطابق اس وسیع تر ناانصافی اور مالی خلیج کی وجہ یہ ہے کہ جرمن خواتین کے لیے ان کے کیریئر کے حوالے سے دستیاب امکانات ابھی تک محدود ہیں اور کئی اقتصادی شعبے ایسے ہیں جہاں اعلٰی عہدوں پر ابھی بھی بہت بڑی اکثریت مرد کارکنوں کی ہے۔
اس کے علاوہ ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ خواتین کو اکثر اپنے روزگار کے ساتھ ساتھ گھر اور بچوں کی دیکھ بھال بھی کرنا پڑتی ہے۔ مزید یہ کہ جرمنی میں مردوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ خواتین جزوقتی ملازمتیں کرتی ہیں اور ایک ہی طرح کا کام کرنے پر جزوقتی کارکنوں کو کل وقتی ملازمین کے مقابلے میں کم تنخواہیں دی جاتی ہیں حالانکہ ایسا کرنا قانوناﹰ منع ہے۔