1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں اربوں مالیت کے ڈوئچے مارک کی ذخیرہ اندوزی کیوں؟

14 جنوری 2024

سابقہ جرمن کرنسی ڈوئچے مارک کے اب استعمال میں نہ ہونے کے باوجود دو دہائیوں بعد بھی اس کا سرکاری طور پر1.95 ڈوئچے مارکس کے بدلے ایک یورو کی قیمت مقرر کی گئی ہے۔ یورو میں تبادلہ ممکن ہے۔

Symbolbild I Wirtschaft I Deutsche Mark
تصویر: Patrick Pleul/dpa/picture alliance

جرمن عوام نے گزشتہ کئی سالوں کی طرح 2024ء کا آغاز بھی اپنے گھروں میں مختلف جگہوں پر رکھے ہوئےاربوں مالیت کے نوٹوں کے ذخیرے سے کیا۔ لیکن یہ نوٹ رائج الوقت کرنسی یعنی یورو کے نہیں بلکہ دو عشروں قبل ترک کر دی گئی ڈوئچے مارک (ڈی ایم) کے ہیں۔

جرمنی میں لوگ نقدی سے لگاؤ ​​کے لیے جانے جاتے ہیں لیکن ملک میں یورو کو رائج ہوئے دو دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی ڈوئچے مارک کےلاکھوں سکے اور رنگ برنگے نوٹ لوگوں نے سنبھال کررکھے ہوئے ہیں۔

اگرچہ اب یہ کرنسی استعمال میں نہیں لیکن پرانی یادیں سمیٹنے  کے شوقین افراد یا پھر کرنسی جمع کرنے والوں کے پاس یہ اب بھی پائی جاتی ہے۔ اس پرانی کرنسی کا کچھ حصہ کئی سالوں سے جرمنی آنے والے سیاح تحائف کے طور اپنے ساتھ بھی لے جاتے رہے ہیں۔

جرمنی میں لوگ نقدی سے لگاؤ ​​کے لیے اپنی پہچان رکھتے ہیںتصویر: Jürgen Fromme/picture alliance/augenklick/firo Sportphoto

لیکن ڈوئچے مارک کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ استعمال میں نہ ہونے کے باوجود اس کا یورو کے ساتھ تبادلہ ممکن ہے۔

کتنے ڈوئچے مارک اب بھی موجود؟

سال 2002ء کے اوائل سے ہی ڈوئچے مارک کا لین دین قانونی طور پر بند ہو گیا تھا۔ اس بندش کے وقت تقریباﹰ 162.3 بلین ڈی ایم ملکی معیشت میں زیر گردش تھے اور ایک اندازے کے مطابق اس کل رقم میں شامل ہارڈ کرنسی یعنی نوٹوں پر مشتمل  تقریباً 7.5 فیصد حصے کا ابھی تک کوئی علم نہیں کے وہ کہا ں گیا۔

 اسی طرح نصف سے زیادہ مالیت کے ڈی ایم سکے بھی گزشتہ دو دہائیوں سے حکومت کی مرکزی بینک کو موصول نہیں ہوئے۔

جرمنی کے مرکزی بنڈس بینک کے مطابق 2023 کے اختتام تک 12.24 بلین مارک زیر گردش تھے۔ اس نقد رقم میں 5.68 بلین نوٹوں اور 6.56 بلین سکوں کی صورت میں موجود ہے۔ اس رقم کی کل مالیت تقریباً 6.26 بلین یورو کے برابر ہے۔

یورپ کی سب سے بڑی معیشت جرمنی کے لیے یہ ایک اہم رقم ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب جرمن حکومت بنیادی انفرااسٹراکچر کے منصوبوں یعنی قابل تجدید توانائی کی طرف منتقلی اور اپنے ریل نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے  لیے فنڈز کی تلاش میں مصروف ہے۔

جرمنی میں سرکاری طور پر مقرر کی گئی شرح تبادلہ کے تحت  1.95 ڈوئچے مارکس کے بدلے ایک یورو حاصل کیا جا سکتا ہےتصویر: akg-images/picture alliance

ڈی ایم کی آہستہ لیکن یقینی واپسی

ڈوئچے مارکس کا بنڈس بینک میں واپسی کا راستہ ابھی بھی موجود ہے اور بینک دہائیوں سے لاپتہ ان نقدی کے بارے میں فکر مند نظر نہیں آتا۔ کوئی بھی شخص جس کے پاس پرانے سکے یا نوٹ ہیں وہ انہیں کسی بھی مرکزی بینک کی برانچ میں تبدیل کرا نے کا اہل ہے۔ درحقیقت، جرمنی میں ہر سال بھاری ڈی ایم کرنسی کا تبادلہ ہوتا آرہا ہے۔

جرمنی میں سرکاری طور پر مقرر کی گئی شرح تبادلہ کے تحت  1.95 ڈوئچے مارکس کے بدلے ایک یورو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ سال 90 ہزار سے زائد لوگوں نے مرکزی بینک کی طرف رخ کرتے ہوے 27 ملین یورو کے عوض 53 ملین سے زائد کے ڈوئچےمارکس حکومت کے حوالے کیے۔

جرمنی کی مرکزی بینک کی طرف سے شہریوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس سروس کو ان کی جانب سے بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ۔  

گزشتہ سال 90 ہزار سے زائد لوگوں نے مرکزی بینک کی طرف رخ کرتے ہوے 27 ملین یورو کے عوض 53 ملین سے زائد کے ڈوئچےمارکس حکومت کے حوالے کیےتصویر: Jürgen Wiedl/picture alliance

بنڈس بینک کے بورڈ کے ایک رکن برک ہارڈ بالز کو توقع ہے کہ پرانے ڈی ایم مستقبل میں بھی منظرعام پر آتے رہیں گے اور اس کی وجہ انسانی نسلوں میں آنے والی تبدیلیاں ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا، ''وراثت میں ملنے والے مکانات اور اپارٹمنٹس کی صفائی کے دوران ڈوئچے مارک ملنے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔‘‘

ان پرانے ڈی ایم سکوں کو چھانٹ کر پانچ جرمن ٹکسالوں میں سے کسی ایک کو بھجوا دیے جاتا ہے، جہاں انہیں منسوخ کر دیا جاتا ہے۔

اس کے بعد یہ دھات اسکریپ ری سائیکلر کے پاس جاتی ہے جو اسے دیگر  استعمال کے لیے پگھلا دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ پرانی کرنسی کا ایک خوش کن انجام تو نہیں لیکن اس عمل سے مشکل وقت میں تھوڑی اضافی رقم ضرور کمائی جا سکتی ہے۔

ٹموتھی روکس (م ق⁄ ش ر)

 

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں