1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں انتخابات سے قبل گرما گرمی

زبیر بشیر3 ستمبر 2013

جرمن پارلیمان کے انتخاب کے لیے 22 ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انتخابات کا وقت قریب آنے کے ساتھ ہی چانسلر شپ کے دنوں بڑے امیدواروں انگیلا میرکل اور پیئر شٹائن بروک کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے میں اضافہ ہوگیا ہے۔

Kombobild Angela Merkel Peer Steinbrück
تصویر: AFP/Getty Images/Patrik Stollarz

چانسلر شپ کے لیے چوٹی کے دونوں امیدواروں کے درمیان ٹیلی وژن مباحثے کے بعد آج جرمن پارلیمان میں بھی زور دار بیانات کا تبادلہ ہوا۔ بدھ کے روز جرمن پارلیمنٹ میں یورپی قرضوں کے بحران پر بحث کے دوران چانسلر انگیلا میرکل نے اپنے انتخابی حریف کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ گزشتہ اجلاسوں کے برعکس حالیہ اجلاس کے دوران ایوان کے دونوں جانب سے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ تجزیہ کار اس صورت حال کو انتخابات سے چند روز قبل محض ایک دوسرے کو زیر کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

ایک ایسے وقت میں جب جرمن انتخابات کے انعقاد میں انتہائی کم دن باقی رہ گئے ہیں، دونوں بڑے امیدوار ایک دوسرے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس حوالے سے کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا جارہا۔

چانسلر اینگلا میرکل پارلیمان میں اظہار خیال کرتے ہوئےتصویر: Johannes Eidele/AFP/Getty Images

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انگیلا میرکل پر تنقید کے نشتر برسانے والے پیئر شٹائن بروک کی جماعت میرکل کی پچتی پالیسیوں کی عملی انداز میں حمایت اور مدد کرتی رہی ہے اور اب ان کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ میرکل حکومت نے بحران کی شکار یورپی معیشتوں کو جس انداز میں قرضے فراہم کیے ہیں، اس سے جرمنی کو اقتصادی بحران کا سامنا ہو سکتا ہے۔

پارلیمنٹ میں بحث کے دوران پیئر شٹائن بروک کا کہنا تھا کہ میرکل نے معاشی بحران کے شکار یورپی ممالک کے لیے بچتی اقدامات پر تو بہت زیادہ توجہ مرکوز کی ہے لیکن اپنے ملک کی اقتصادی ترقی کی طرف ان کی توجہ انتہائی کم رہی ہے۔ اس حوالے سے ان کا مزید کہناتھا، ’’آپ طاقت کی معمار ہیں لیکن جرمنی کی معمار نہیں ہیں۔‘‘

میرکل بھی کہاں پیچھے رہنے والی تھیں، انہوں نے یورپی اقوام کو کہا کہ وہ اپنی پالیسی پر کاربند رہیں اور اپوزیشن کو شور مچانے دیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’ جب ہر مسئلے کا حل کثرت رائے سے ووٹنگ کے بعد نکالا گیا ہو تو پھر اس طرح کے واویلے کی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔‘‘

شٹائن بروک کے اعتراضات کا جواب میرکل نے ان الفاظ میں دیا، ’’مجھے تو سمجھ نہیں آتی کہ ان لوگوں کو خوشی کیوں نہیں ہو رہی۔ یہ اِن کا مسئلہ ہے کہ یہ جرمنی میں ہونے والی ترقی پر خوش نہیں ہو سکتے۔ عوام اس بات کو پسند نہیں کرتے۔‘‘

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی اور اس کی اتحادی گرین پارٹی نے تقریباﹰ سبھی بیل آؤٹ پیکجز کی منظوری کے دوران میرکل حکومت کی مکمل حمایت کی تھی۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں