1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں برفباری: مشکلات اور مزے

خبر رساں ادارے7 جنوری 2009

جرمنی میں بیس سال بعد ریکارڈ سردی پڑ رہی ہے۔ درجہء حرارت منفی 20 سینٹی گریڈ اور کئی علاقوں میں منفی 28 تک گر گیا ہے اور وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں برف باری جاری ہے۔

جرمنی کے شہر ڈوسیلڈورف میں جہازوں کی لینڈنگ ممکن بنانے کے لئے رن وے سے برف ہٹائی جارہی ہےتصویر: AP

جرمنی کے بیشتر دیہاتوں اور شہروں کو سردی کی شدید لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سردی کی وجہ سے نظام زندگی نہایت ہی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

شدید سردی کے باعث جہازوں کی آمدورفت اور ریلوے نظام بھی متاثر ہوگیا ہے، کئی علاقوں میں ٹرینیں لیٹ ہو گئی ہیں اور لوگ سخت سردی میں ریلوے سٹیشنوں پر کھڑے نظر آتے ہیں۔

مشرقی جرمنی کے دریا Elbe میں شدید سردی کے باعث پانی جم گیا ہےتصویر: AP

جرمنی کی سڑکوں پر برف جمی ہوئی ہے جو کہ لوگوں کے پھسل کر گرنے کا سبب بن رہی ہے۔ ایک خاتون سخت سردی اور برفباری سے تنگ نظر آ رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں: ’’ میں دو دفعہ پھسل کر گر چکی ہوں ،جبکہ دوسری دفعہ تو میں ناک کے بل گری ہوں۔‘‘ ایک معمر شہری کا کہنا تھا: ’’ ابھی تک سڑکوں سے برف کو نہیں ہٹایا گیا، جو کہ میری نظر میں کوئی ٹھیک بات نہیں ہے۔ اور یہ بوڑھے لوگوں کے لئے بھی خطرناک ہے۔‘‘

جرمن دارالحکومت برلن میں بھی شدید سردی ہے اور درجہء حرارت میں واضح حد تک کمی آئی ہےتصویر: AP

سردی کی وجہ سے کئی لوگوں کی گاڑیاں سٹارٹ نہیں ہو رہی ہے اورگھروں میں بیرونی دروازوں کے تالے تک جم چکے ہیں، جنہیں کھولنے میں دقت پیش آ رہی ہے۔

ٹین ایجرز اور بچّے برف باری سے لطف اندوز ہوتے نظر آرہے ہیںتصویر: picture-alliance/ ZB

صرف یہی نہیں جرمنی میں پائپ لائینوں میں پانی بھی جم چکا ہے۔ اور کئی ہوائی اڈوں پر جہازوں کی آمدورفت معطل کی جا چکی ہے۔

جرمنی میں بے گھر افراد کو زیرزمین ریلوے سٹیشنوں میں رات گزارنے کی اجازت د ے دی گئی ہے تا کہ وہ خود کو سردی سے محفوظ رکھ سکیں۔ اس کے علاوہ کئی فلاحی تنظیمیں اور حکومتی ادارے ان بے گھر افراد کو گرم کھانا اور مفت رہائش مہیا کر رہے ہیں۔ تاہم ان تمام تر مشکلات کے باوجود کئی منچلے اور بچے سردی اور برف باری سے لطف اندوز ہوتے نظر آرہے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں