1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں بس حادثہ، اٹھارہ مسافر ہلاک

3 جولائی 2017

جنوبی جرمن صوبے باویریا میں ہونے والے ایک بس حادثے میں اٹھارہ افراد  ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق بس میں 46 مسافر اور عملے کے دو افراد سوار تھے۔

Unfall Reisebus Münchberg Bayern
تصویر: picture-alliance/dpa/N.Armer

باویریا کی پولیس اور دفتر استغاثہ نے بتایا ہے کہ شبہ ہے کہ بس حادثے میں لاپتہ ہونے والے اٹھارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ واقعہ ملکی اے 9 ہائی وے پر مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے کے لگ بھگ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہائی وے پر تعمیراتی کام جاری تھا اور سڑک کے ایک حصے کو بند کیا ہوا تھا۔ اس وجہ سے اُس مقام پر گاڑیاں بہت سست رفتاری کے ساتھ رواں دواں تھیں۔ ایسے میں ایک بس ایک ٹرک سے جا ٹکرائی اور آنا فاناً آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔ بس پر سوار 46 میں سے تیس مسافر زخمی ہیں، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa/N.Armer

حکام نے بتایا ہے کہ امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے قبل ہی بس کا زیادہ تر حصہ آگ کی زد میں آ چکا تھا اور مسافروں نے ہنگامی راستوں سے باہر کود کر جان بچائی۔ باویریا کے وزیر اعلی ہورسٹ ذیہوفر کے مطابق، ’’ اس تباہ کن حادثے نے باویریا، سیکسنی اور پورے ملک میں لوگوں کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ میں ہلاک شدگان اور زخمیوں کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘

حکام نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ یہ بس کہاں سے روانہ ہوئی تھی، کس جانب جا رہی تھی اور کس کمپنی کی تھی۔ ذرائع کے مطابق بس میں سوار زیادہ تر افراد عمر رسیدہ تھے۔

صوبائی انتظامیہ نے بتایا کہ امدادی سرگرمیوں میں دو سو سے زائد کارکنوں نے حصہ لیا اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے قریبی ہسپتالوں میں پہنچایا گیا۔ حادثے میں بس مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی ہے اور صرف ڈھانچہ ہی باقی بچا ہے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں