1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمنی میں بے روزگار افراد، ماہانہ الاؤنس کی مالیت میں اضافہ

17 ستمبر 2023

اس حکومتی اقدام کا مقصد بے روزگار افراد کو افراط زر کے مطابق ضروریات زندگی کی دستیابی کے لیے رقوم مہیا کرنا ہے۔ حکومت کے اصلاحاتی پیکج کے تحت بچوں اور پناہ گزینوں کے ماہانہ وظائف میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

Deutschland Arbeitslosigkeit
تصویر: Getty Images

وفاقی جرمن کابینہ نے افراط زر کی وجہ سے 2024ء میں بے روزگار افراد کے لیے مالی الاؤنس بڑھا کر 563 یورو ماہانہ کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ وزیر محنت ہوبیرٹس ہائل نے پہلے ہی اگست کے آخر میں اس اضافے کا اعلان کر دیا تھا۔

کسی شریک حیات یا پارٹنر کے ساتھ رہنے والے بالغ افراد کے لیے یہ مالی ادائیگی بڑھا کر 506 یورو ماہانہ کر دی جائے گی۔ گزشتہ فیصلے کے مطابق ملنے والے 451 یورو ماہانہ کے مقابلے میں یہ اضافہ تقریباً 12 فیصد بنتا ہے، جس سے ملک میں تقریباً پانچ ملین افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

اس حکومتی اقدام کا مقصد بے روزگار افراد کو افراط زر کے مطابق ضروریات زندگی کی دستیابی کے لیے رقوم مہیا کرنا ہےتصویر: imago/Ralph Lueger

جنوری میں چانسلر اولاف شولس کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹک پارٹی پر مشتمل مخلوط حکومت نے سماجی بہبود کے لیے ایک بڑااصلاحاتی پیکج متعارف کرایا تھا، جو طویل المدتی بنیادوں پر بے روزگار افراد کے لیے 2005ء سے لاگو ہارٹس فور نامی بینیفٹ پروگرام کی جگہ لے گا۔

ان اصلاحات کے بعد اس نئے منصوبے Bürgergeld یعنی ''شہریوں کے لیے رقم‘‘ کے تحت بے روزگار افراد کے لیے افراط زر کے حساب سے رقم کی ایڈجسٹمنٹ پہلے کے مقابلے میں کافی زیادہ تیزی سے کی جا سکتی ہے۔ اس کا مقصد بے روزگار افراد کو بہتر پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنا بھی ہے۔

بچوں والے شہریوں کے لیے بھی فوائد میں اضافہ ہونا طے ہے۔ 15 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں والے خاندانوں کے لیے 2024 میں فی بچہ ماہانہ الاؤنس 420 یورو سے بڑھ کر 471 یورو ہو جائے گا۔ سات سے 14 سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے یہ مالی مدد 348 یورو سے بڑھا کر 390 یورو ماہانہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

بے روزگار افراد کے لیے تربیتی پروگرامات بھی ترتیب دیے گئے ہیںتصویر: Thomas Peter/REUTERS

اسی طرح چھ سال تک کی عمر والے بچوں کی وجہ سے ملنے والا ماہانہ الاؤنس 318 یورو فی کس سے بڑھا کر 357 یورو ماہانہ کر دیا جائے گا۔

بے روزگاری کے باعث ملنے والی مالی امداد میں اضافے کے متوازی، پناہ کے متلاشی افراد کو ملنے والے مالی فوائد بھی افراط زر کی شرح کی نسبت سے سالانہ بنیادوں پر ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔

سماجی امور کی وفاقی وزارت کے مطابق پناہ کے متلاشی افراد کو 228 یورو ماہانہ کی رقم خوراک، رہائش، ہیٹنگ یا کپڑوں جیسی بنیادی ضروریات پر خرچ کرنے کے ساتھ ساتھ 182 یورو کی اضافی رقم نقد اخراجات کے لیے بھی دی جاتی ہے۔

ش ر ⁄  م م (ڈی پی اے)

امیر جرمنی میں بڑھتی غربت

02:01

This browser does not support the video element.

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں