1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

جرمنی میں حماس کے مبینہ حامیوں کے خلاف پولیس کے چھاپے

16 مئی 2024

جرمن پولیس نے ملک کے مغربی شہر ڈوئس برگ میں فلسطین یکجہتی گروپ کے خلاف عسکریت پسند فلسطینی تنظیم حماس کی حمایت کے الزام میں چار مقامات پر چھاپے مارے۔

Deutschland | Razzia gegen Hamas-Unterstützergruppe in Duisburg
تصویر: David Young/dpa/picture alliance

ان چھاپوں سے قبل صوبائی وزارت داخلہ نے فلسطینی یکجہتی گروپ (پالَیسٹینا زولیڈاریٹیٹ ڈوئس برگ) کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔ یہ گروپ جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ڈوئس برگ میں متحرک تھا۔

اسرائیل پر حماس کا حملہ: مسلم تنظیمیں مذمت کریں: جرمن وزیر

جرمن حکام کے حزب اللہ کی حامی مشتبہ تنظیم کے خلاف چھاپے

صوبائی وزیرداخلہ ہیربرٹ روئل نے اس گروپ پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا، ''یہ پابندی درست وقت پر عائد کی گئی ہے اور اس سے ایک درست پیغام دیا گیا ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ''متعدد مواقع پر فلسطین کے لیے یکجہتی میں یہود دشمنی کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔ اسی بنیاد پر اس تنظیم پر آج پابندی عائد کی جا رہی ہے۔‘‘

یہ تنظیم ماضی میں فلسطین کے حق میں مظاہرے کرتی رہی ہےتصویر: Jochen Tack/picture alliance

وزارتی بیان کے مطابق  فلسطین یکجہتی ڈوئس برگ نامی گروپ نہ صرف ڈوئس برگ شہر بلکہ جرمنی بھر میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا کام کرتا ہے اور انیس سو سینتالیس کی سرحدوں کے مطابق ریاست فلسطین کی حمایت کرتا ہے۔ واضح رہے کہ انیس سو سینتالیس میں اسرائیل کا بطور ریاست کوئی وجود نہیں تھا۔ اسی تناظر میں یہ گروپ اسرائیل کے خلاف تمام تر فلسطینی مزاحمت کی بھی حمایت کرتا ہے اور اس میں عسکریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر حملوں کی حمایت بھی شامل ہے۔

اپنے بیان میں صوبائی وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ یہ تنظیم اسرائیل مخالف اور یہود مخالف نظریات کی حامل ہے۔

بیان کے مطابق یہ گروپ مسلسل ریاست اسرائیل کے خلاف مظاہروں میں مصروف رہا ہے اور مشرق وسطیٰ کے تنازعے کا ذمہ دار اسرائیل کو سمجھتا ہے۔ اس تنظیم کی وجہ سے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان نہ صرف تشدد کو ہوا ملتی ہے، بلکہ جرمنی میں رہنے والے اسرائیلیوں اور یہودیوں کی زندگیوں پر بھی منفی اثرات پڑتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس پابندی کے بعد اس تنظیم کے تمام تر اثاثے ضبط کر لیے گئے ہیں اور اس کی آن لائن اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کو بھی غیرقانونی قرار دے دیا گیا ہے۔

برلن میں محبت بانٹتے مسلم امام اور یہودی ربی

03:14

This browser does not support the video element.

یہ بات اہم ہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل کے خلاف حماس کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے غزہ پٹی میں جنگ جاری ہے اور اسی تناظر میں جرمنی میں سامیت دشمن جرائم میں اضافہ بھی ہوا ہے، جس سے جرمنی میں مقیم یہودیوں کی سلامتی اور تحفظ سے متعلق سوالات کھڑے ہو رہے ہیں۔

ع ت / ا ا، م م (ڈی پی اے، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں