جرمنی میں حکومت سازی کے لیے مذاکرات
6 اکتوبر 2013جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی قدامت پسند کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) اور بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی حزب اختلاف کی مرکزی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کے درمیان مخلوط حکومت بنانے کے لیے مذاکرات کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں جماعتوں کے درمیان ابتدائی بات چیت جمعے کے روز ہوئی جس میں حکومت کی تشکیل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
خیال رہے کہ ستمبر میں ہونے والے انتخابات میں چانسلر میرکل کی جماعت سی ڈی یو کو اکثریت حاصل ہوئی تھی تاہم وہ اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ دوسرے نمبر پر ایس پی ڈی رہی، تاہم میرکل کی سابقہ اتحادی جماعت فری ڈیموکریٹس (ایف ڈی پی) کا انتخابات میں تقریباً صفایا ہو گیا۔ ماحول دوست گرینز پارٹی اور انتہائی بائیں بازو کی ڈی لنکے پارٹی کو بھی اچھی خاصی نشستیں ملی ہیں تاہم سی ڈی اور ایس پی ڈی، ڈی لنکے کے ساتھ حکومت سازی کو خارج از امکان قرار دے چکے ہیں۔ سی ڈی یو اور ایس پی ڈی کی مخلوط حکومت کا امکان موجود ہے تاہم اس سلسلے میں بعض رکاوٹیں بھی ہیں۔
جمعے کے روز ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گئے۔ دونوں جماعتوں کے نمائندوں نے مذاکرت کے اس ابتدائی دور کے دوران ماحول کو تعمیری اور مثبت قرار دیا۔
مبصرین کے مطابق جمعے کے روز ہونے والے مذاکرات سے بہت زیادہ توقعات تھیں بھی نہیں کیوں کہ دونوں جماعتوں کو بہت سے معاملات طے کرنا ہیں۔ دونوں جماعتوں کے درمیان یورو زون کو درپیش اقتصادی بحران اور اس حوالے سے جرمنی کے کردارکے حوالے سے اختلافات پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ جوہری توانائی سے توانائی حاصل کرنے کے دوسرے طریقوں کی جانب منتقلی، لیبر اور تعلیمی پالیسی، اور ٹیکسوں میں اضافے کے حوالے سے بھی ان جماعتوں کی پالیسیوں میں واضح اختلاف پایا جاتا ہے۔
مذاکرات کے کسی فیصلہ کن موڑ تک پہنچنے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ مذاکرت کا اگلا دور چودہ اکتوبر کو ہو گا۔
جمعے کو ہونے والے مذاکرات کے دور کے بعد سی ڈی یو کے جنرل سیکرٹری ہیرمان گروہے کا کہنا تھا، ’’سمجھداری کی بات یہی ہے کہ ایک دوسرے کو مزید سنا جائے۔‘‘
ایس پی ڈی کی سیکٹری جنرل آندریا ناہلیز کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے ان پہلوؤں کی نشاندہی کر لی ہے جس پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ ’’تاہم کئی نکات پر اختلاف پایا جاتا ہے اور اس حوالے سے مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔‘‘
میرکل گرین پارٹی کے ساتھ جمعرات کو مذاکرات کریں گی۔ گروہے کا کہنا ہے وہ ایس پی ڈی گرینز کے ساتھ علیحدہ سے مذاکرات نہیں کرے گی۔