جرمنی میں سب سے زیادہ تنخواہ کس شہر میں کمائی جا سکتی ہے؟
21 جولائی 2020
مغربی جرمنی میں مشرقی حصے کے مقابلے میں تنخواہوں کا اسکیل اب بھی نمایاں طور پر اونچا ہے۔ آپ اگر زیادہ تنخواہ والی ملازمت کی تلاش میں ہیں تو آپکو صحیح شہر کا انتخاب کرنا ہوگا جہاں ماہانہ آمدن یقینی طور پر زیادہ ہو۔
اشتہار
مشرقی اور مغربی جرمنی کے اتحاد کو تین دہائیوں کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی دونوں خطوں کے شہریوں کی ماہانہ آمدن میں نمایا طور پر فرق پایا جاتا ہے۔ جرمنی کی وفاقی ایجنسی برائے ملازمت و روزگار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جرمن کار ساز ادارے فوکس واگن کی پیداوار کے لیے مشہور شہر وولفسبرگ اور آؤڈی جیسی گاڑیوں کے پلانٹ کے شہر انگول اشٹاٹ میں ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں اوسطاﹰ سب سے زیادہ تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں۔
وفاقی ادارے کے مطابق سن 2019 کے دوران وولفسبرگ میں ایک شخص کی ماہانہ آمدن اوسطاﹰ 5089 یورو تک بنتی ہے جب کہ جنوبی صوبہ باویریا کے شہر انگول اشٹاٹ میں ایک شخص اوسطاﹰ 5004 یورو اور ایرلانگن میں 4907 یورو تک کماتا ہے۔
مشرقی اور مغربی جرمنی کی تنخواہوں میں اب بھی فرق
دریں اثناء صوبائی سطح پر صوبے ہیمبرگ میں اوسطاﹰ آمدن 3820 یورو بتائی گئی ہے جو کہ جرمنی کی تمام سولہ ریاستوں سے تقریباﹰ 400 یورو زیادہ بنتی ہے۔ ادھر شمال مشرقی صوبے میکلن بُرگ فورپومرن میں لوگوں کی اوسط تنخواہ 2608 ہے جو کہ جرمنی بھر میں سب سے کم ماہانہ آمدن ہے۔
مشرقی جرمنی میں مجموعی طور پر ماہانہ ادائیگی مغربی جرمنی کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔ جرمنی میں تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے ترتیب دی گئی اضلاع کی درجہ بندی میں سب سے نیچے کے 59 اضلاع سابقہ مشرقی جرمنی میں واقع ہیں۔ جبکہ مغربی خطے میں 2763 یورو کے ساتھ سب سے کم آمدن والا ضلع زؤڈ ویسٹ فالز بتایا گیا ہے۔
سب سے کم تنخواہ والے علاقے
جرمن صوبے سیکسنی کے ضلع گؤرلٹز میں سب سے کم تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔ وہاں لوگوں کو اوسطاﹰ 2380 یورو کی ماہانہ آمدن کے ساتھ گزارا کرنا پڑتا ہے۔ بائیں بازو کی سیاسی جماعت کے ایک جائزے کے مطابق مغربی جرمنی کے امیر ترین اضلاع کے لوگوں کی اوسطاﹰ آمدن مشرقی جرمنی کے غریب ترین اضلاع سے دوگنا زیادہ ہے۔
بائیں بازو کی سیاسی جماعت ڈی لنکے جماعت کی رکن پارلیمان زبین سمرمان کا کہنا ہے کہ مشرقی جرمنی میں آمدنی کی کمی ناقابل قبول ہے۔ سمرمان کے بقول، وفاقی حکومت کو مختلف علاقوں میں ملازمت کے معاہدوں میں اجرت اور تنخواہوں میں تفریق کو استثنیٰ کے طور پر قبول نہیں کرنا چاہیے۔
ڈریسڈن اور پوٹسڈام میں بہتر تنخواہیں
علاوہ ازیں مشرقی جرمنی کے بعض شہروں میں اچھی کمائی کی جا سکتی ہے۔ جرمنی کی وفاقی ایجنسی برائے ملازمت و روزگار کے مطابق ڈریسڈن اور پوٹسڈام شہر میں ماہانہ آمدن تقریباﹰ 3200 یورو کے ساتھ باویریا کے شہر روزن ہائم اور اشٹراؤبنگ کے برابر ہے۔
جرمنی میں صنفی بنیاد پر آمدن میں غیر مساوی سلوک ایک اور سنگین مسئلہ ہے۔ باویریا کے انگول اشٹاٹ میں گزشتہ سال فل ٹائم ملازمت کرنے والے مردوں کی آمدن ایسی ہی نوکری پیشہ خواتین کے مقابلے میں 156 فیصد زیادہ تھی۔
ع آ / ک م (ڈی پی اے، بی اے اے)
جرمنی میں ملازمت حاصل کرنے کے چند اہم اصول
جرمنی میں اکثر ’ٹیلنٹ ریکروٹرز‘ یا نوکریاں فراہم کرنے والی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ انہیں نوکریوں کے لیے بہت کم درست درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ پڑھیے وہ اصول جو آپ کی درخواست کو جرمن کمپنیوں کے لیے پر کشش بنا سکتے ہیں۔
تصویر: Colourbox
نامکمل درخواستیں مت بھیجیے
اس بات کو یقینی بنائیں کہ جو کچھ نوکری کے اشتہار میں مانگا گیا ہے آپ وہ سب کچھ بھجوائیں۔ زیادہ تر نوکری کی درخواست میں آپ کو کور لیٹر، سی وی، لیٹرز آف ریفرنس، اسکول اور یونیورسٹیوں کی ڈگریوں کی پی ڈی ایف فائلز بھیجنا ہوتی ہیں۔
تصویر: C. Klose/dpa/picture alliance
جرمن اصولوں پر کار بند رہیں
تخیلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ اچھی عادت ہے لیکن کچھ جرمن اصولوں کو توڑنا اچھا آئیڈیا نہیں ہے۔ جیسے کہ سی وی میں اپنی تاریخ پیدائش، شادی شدہ یا سنگل ہونا اور اپنی تصویر لگانا اچھا رہتا ہے۔ یہ سب قانونی طور پر ضروری نہیں ہے لیکن بہت سی کمپنیوں میں ایسی سی ویز کو ترجیح دی جاتی ہے جن میں تصویر دیکھی جا سکتی ہے۔
تصویر: picture alliance/dpa/C. Klose
درخواست ہمیشہ کسی مخصوص شخص کو بھیجیں
درخواست بھیجنے سے پہلے تحقیق کریں اور کم از کم کمپنی کے ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کا نام جاننے کی کوشش کریں اور ان کے پتے پر اپنی درخواست بھیجیں۔ یہ معلومات اکثر لینکڈ ان یا زنگ نامی ویب سائٹس سے مل سکتی ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Klose
املا کی غلطیاں نہ کریں
کوشش کریں کے درخواست میں املا کی غلطیاں نہ ہوں۔ آپ کی درخواست میں یہ غلطیاں بہت برا تاثر پیدا کر سکتی ہیں اور آپ کی نوکری حاصل کرنے کے مواقع بھی کم ہو سکتے ہیں۔
تصویر: picture alliance/dpa/C. Klose
سارا کام اکیلے مت کریں
درخواست کی تیاری خاص طور پر کور لیٹر کی تیاری کے وقت کسی کا مشورہ مانگیں۔ ایسے افراد کی مدد لیں جن کی مادری زبان جرمن ہے۔ اگر آپ کا سی وی انگریزی زبان میں ہے تو بھی کور لیٹر جرمن زبان میں ہونا چاہیے۔ اس سے اچھا تاثر ملے گا۔
تصویر: picture alliance/dpa/S. Marks
درست معلومات فراہم کریں
درخواست میں جھوٹ بولنا بہت برا اقدام تصور کیا جاتا ہے۔ اپنے بارے میں کھل کر بتائیں مگر سچ۔ اس سے درخواست پڑھنے والے کو ایک اچھا تاثر ملے گا اور وہ آپ کی سچائی سے متاثر ہو کر آپ کو نوکری کے لیے منتخب کر سکتا ہے۔
تصویر: picture-alliance/empics/A. Matthews
فارمیٹنگ
اپنی سی ی اور کور لیٹر کی فارمیٹنگ کا خیال رکھیں۔ ٹیکسٹ کا سائز، اسپیسنگ، ہیڈنگز وغیرہ کی فارمیٹنگ ایک طرح کی ہونی چاہیے۔
بہت سے افراد اس اہم نقطے کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ کچھ لوگ نشے کی حالت میں لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈال دیں گے، یہ بہت برا تاثر پیدا کر سکتا ہے۔ آپ کی نیٹ ورکنگ پروفائلز جیسے کہ لینکڈ ان وغیرہ کو ایک پروفیشنل انداز میں ہونا چاہیے تاکہ ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے یہ ظاہر ہو کہ آپ غیر سنجیدہ ہیں۔