1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں سیلاب زدگان کے لیے قومی فنڈ کا اعلان

14 جون 2013

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ ان کی حکومت سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لیے آٹھ ارب یورو تک کا فنڈ قائم کرے گی۔ انہوں نے یہ اعلان جمعرات کو ریاستی سربراہان سے ملاقات کے بعد کیا۔

تصویر: Reuters

متاثرین کی امداد کے لیے آٹھ ارب یورو تک کے امدادی پیکیج کا معاہدہ جمعرات کو چانسلر انگیلا میرکل اور جرمنی کی 16 ریاستوں کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی ایک ملاقات میں طے پایا۔

جرمن اخبار لائپزگر فوکس سائٹنگ نے اپنی اتوار کی اشاعت میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے پہلے ہی اس اجلاس کے بارے میں بتایا دیا تھا۔ اخبار کا کہنا تھا کہ حکومت اس ہفتے ایک کرائسس سمٹ کا اہتمام کرے گی جس میں اس موضوع پر بات چیت کی جائے گی کہ صوبائی حکومتیں اور وفاق سیلاب کے تناظر میں ہونے والے نقصان میں کتنا حصہ ملائیں گے۔

انگیلا میرکل سیلاب آنے کے بعد چار مرتبہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کر چکی ہیں۔ ریاستی سربراہاں سے ملاقات کے بعد انہوں نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا: ’’آٹھ ارب یورو تک کے اس قومی فنڈ کے لیے نصف وفاقی حکومت دے گی جبک نصف ریاستی حکومتیں فراہم کریں گی۔‘‘

انگیلا میرکل چار مرتبہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کر چکی ہیںتصویر: DW/A.Drechsel

ریلیف فنڈ کے لیے رقوم کے حصول کے لیے انہوں نے نئے ٹیکس متعارف کروانے کے مطالبے ردّ کر دیے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے رواں برس کے لیے ضمنی بجٹ درکار ہو گا۔

جرمن پارلیمنٹ کا ایوانِ زیریں موسم گرما کے وقفے سے قبل اپنے آخری سیشن میں پانچ جولائی تک اس فنڈ کے لیے رقوم کی فراہمی کی منظوری دے گا۔

سیلاب سے ہونے والے مالی نقصان کے لیے سرکاری طور پر ابھی کوئی اعدادوشمار جاری نہیں کیے گئے۔ جرمنی میں سیلاب کے باعث سینکڑوں افراد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے جبکہ متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ جرمن ریاست سیکسنی انہلالٹ اس سیلاب سے بری طرح متاثر ہے۔ تاہم اب شمالی علاقوں میں پانی کی سطح بدستور کم ہو رہی ہے۔ بعض دیگر یورپی ملک بھی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ جمعرات کو رومانیہ میں سیلاب کے نتیجے میں دو مزید افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد یورپ کے مختلف شہروں میں سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

2002ء میں سیلاب کے نتیجے میں ساڑھے چھ ارب یورو کا فنڈ قائم کیا گیا تھا۔ اس آفت کو صدی کا بدترین سیلاب قرار دیا گیا ہے۔ حالیہ سیلاب کے لیے جرمن چانسلر نے گزشتہ ہفتے ایک سو ملین یورو کی فوری فراہمی کا اعلان کیا تھا۔

جرمن صدر یوآخم گاؤک نے بھی گزشتہ دِنوں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا: ''اس بات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا ہے کہ کتنے مسائل سے نمٹنا باقی ہے۔‘‘

ng/zb(AFP, Reuters)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں