1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائم

جرمنی میں فائرنگ، متعدد افراد زخمی اور ہلاک

24 جنوری 2020

جرمنی کے جنوب مغربی شہر ’روٹ ام زے‘ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

Deutschland Schüsse in Halle
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Willnow

جرمنی کی جنوب مغربی ریاست باڈن ورٹمبرگ کے ایک شہر 'روٹ اَم زے‘ میں فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ ہے۔

قبل ازیں ایک پولیس افسر نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک سے زائد ہے۔ پولیس کی طرف سے یہ بھی تصدیق کی گئی کہ فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اس واقعے کے پیچھے ممکنہ طور پر ذاتی دشمنی ہو سکتی ہے۔

پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے ایک ٹویٹر پیغام کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر بھیج دی گئی ہے۔

جرمن اخبار بِلڈ کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں چھ افراد ہلاک ہوئے اور مرنے والے تمام افراد فائرنگ کرنے والے شخص کے رشتہ دار تھے۔ اخبار کے مطابق فائرنگ کرنے والا 37 سالہ ایک مرد ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق دن 12.45پر روٹ ام زے کے ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ ہائیڈل برگ کے قریب واقع اس چھوٹے سے شہر کی آبادی قریب 5200 افراد پر مشتمل ہے۔ 

اندھا دھند فائرنگ کے واقعات جرمنی میں شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں ایک دائیں بازو کے ایک شدت پسند نے ملک کے مغربی شہر ہالے میں فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ یہ شخص یہودیوں کی عبادت گاہ میں گھسنے کی کوشش میں تھا۔

جولائی 2016ء میں ایک ٹین ایجر نے میونخ کے ایک شاپنگ سینٹر میں پستول سے فائرنگ کر کے نو افراد کو مار دیا تھا جس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں