جرمنی میں لازمی فوجی سروس کے خاتمے کا منصوبہ
24 اگست 2010جرمنی کا ’ليوپارڈ‘ نامی ٹينک وفاقی جرمن فوج کے لئے باعث افتخار ہے۔ فوج بڑے جوش سے اس تيزی سے مڑنے اور حرکت کرنے والے ٹينک کی نمائش کرتی ہے، جو کہ گولہ باری کے حوالے سے بھی بہت قابل اعتماد ہے۔
تاہم يہ ٹينک سرد جنگ کے زمانے ميں بنايا گيا تھا اور اسے غیر ممالک ميں کارروائی کے لئے نہيں بلکہ ملکی دفاع کے لئے تيار کيا گيا تھا۔ يہی وجہ ہے کہ سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سے جرمن فوج اپنے ایسے ٹينکوں کی تعداد ميں خاصی کمی کرنا چاہتی ہے۔ يہی نہيں بلکہ فوج کی نفری کو بھی مجموعی طور پر کم کرنے اور اس ادارے ميں دور رس تبديليوں کی تجويز بھی زیر غور ہے۔
جرمن وزير دفاع کارل تھیوڈور سُو گٹن برگ اس بارے میں کہتے ہیں: ’’اس منصوبے کے تحت بالآخر جرمن فوج کی نفری کم کر دی جائے گی۔ ليکن اس کے ساتھ ہی اسے بہتر بھی بنايا جائے گا اور اس کی عملی کارروائی کی صلاحيت میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔‘‘
جرمن وزير دفاع گٹن برگ کے منصوبے کے مطابق فوج کی مجموعی نفری ايک تہائی کمی کے بعد ايک لاکھ 60 ہزار کر دی جائے گی۔ يہ دوسری عالمی جنگ کے بعد 55 سال قبل وجود میں آنے والی موجودہ وفاقی جرمن فوج کی تاریخ کی سب سے بڑی تبديلی ہوگی۔
اس کے نتيجے ميں لازمی فوجی سروس کی ضرورت باقی نہيں رہے گی۔ اس کے باوجود لازمی فوجی سروس کو بالکل ختم نہيں کيا جائے گا بلکہ اسے صرف غير معينہ مدت تک کے لئے معطل کر دیا جائے گا۔ لازمی فوجی سروس کو جرمن معاشرے ميں ايک روايتی حيثيت حاصل ہے۔ ليکن بہت سے نوجوان فوج کے بجائے سوشل سروس کے شعبوں ميں خدمات انجام دينے کو ترجيح ديتے ہيں۔
جرمن چانسلر انگیلا ميرکل اس بارے ميں کہتی ہیں: ’’ہم لازمی فوجی سروس کو اصولی طور پر ختم نہيں کريں گے کيونکہ ہميں معلوم نہیں کہ مستقبل ميں ہميں کن چيلنجوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔‘
وفاقی وزير دفاع کا تعلق چانسلر میرکل کی مخلوط حکومت میں شامل جماعت کرسچئن سوشل يونين سے ہے۔ اس پارٹی اور اس کی ہم خیال جماعت کرسچئن ڈيموکريٹک يونين کے قدامت پسند اراکين اس منصوبے کے شديد مخا لف ہيں۔ اب گٹن برگ کو ان اراکين کے علاوہ اپوزيشن کو بھی اپنے منصوبے کی افاديت کا قائل کرنے کا مشکل کام انجام دينا ہے۔
رپورٹ: شہاب احمد صدیقی
ادارت: مقبول ملک