1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں لاک ڈاؤن میں نرمی سے کورونا وائرس پھر پھیلنے لگا

10 مئی 2020

جرمنی میں کورونا وائرس سے نئے متاثر ہونے والے افراد کی اوسط روزانہ تعداد میں گزشتہ چند روز میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاؤن میں جزوی نرمی کے بعد ہوا ہے۔

تصویر: Getty Images/A. Rentz

وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کی شرح پچھلے چند دنوں میں دوبارہ بڑھی ہے۔ اتوار دس مئی کو ان ماہرین نے اس امر کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی سطح پر کسی متاثرہ مریض سے اس وائرس کی کسی دوسرے صحت مند فرد میں منتقلی کی قومی شرح لاک ڈاؤن میں نرمی سے قبل 0.65 فرد فی مریض تھی، جو اب بڑھ کر 1.1 افراد فی مریض ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس سے لگنے والی مہلک بیماری کووڈ انیس کے پھیلاؤ سے متعلق اعداد و شمار اور ان میں تبدیلی کا ریکارڈ وبائی امراض کی صورت حال کی نگرانی کرنے والا جرمن ادارہ رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ رکھتا ہے۔ اس ادارے کے مطابق اب جرمنی میں کورونا وائرس کا ایک عام مریض ایک سے زائد افراد میں اس وائرس کی منتقلی کا سبب بن رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے تمام سولہ وفاقی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی لاک ڈاؤن کے تحت نافذ کی گئی پابندیوں میں جزوی نرمی اور اسکولوں و مارکیٹوں کو جزوی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ (آر کے آئی) کے ایک وضاحتی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے اس وائرس سے متاثرہ افراد میں 'ری پروڈکشن ریٹ‘ جو پہلے ایک سے کم تھا، اب ایک سے زیادہ ہو گیا ہے۔ اس ادارے کے مطابق آئندہ دنوں میں اس رجحان پر مزید گہری نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے اور ایسا ہی کیا جائے گا۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں یہ اضافہ جنوبی جرمن ریاستوں باڈن ورٹمبرگ اور باویریا کے ساتھ ساتھ شمالی شہری ریاست ہیمبرگ میں بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جرمنی کے مختلف شہروں میں ہفتہ نو مئی کے روز ہزاروں افراد نے کورونا وائرس کے باعث سماجی پابندیوں کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا۔

جرمنی میں اتوار دس مئی کی دوپہر تک کووڈ انیس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ اکہتر ہزار تین سو چوبیس جبکہ اس بیماری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہزار پانچ سو انچاس ہو چکی تھی۔ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ چوالیس ہزار چار سو بنتی ہے۔

رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے کافی زیادہ بیمار ہو جانے والے تقریباً بیس ہزار مریض اس وقت جرمنی کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ان میں سے ایک ہزار چھ سو پچاس شدید بیمار مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں رکھا گیا ہے۔

ع ح / م م (ڈی پی اے، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں