جرمنی میں ’لَو پریڈ‘ کی تاریخ
25 جولائی 2010اس میلے کا آغاز دیوار برلن کے انہدام سے محض چار ماہ قبل سن 1989ء سے مغربی برلن میں ہوا تھا۔ تب اس پریڈ کے انعقاد کا مقصد امن اور برداشت کے جذبے کو اجاگر کرنے کے علاوہ موسیقی کے ذریعے ایک دوسرے کو اچھی طرح سے سمجھنے کے احساس کو تقویت بخشنا تھا۔
اس پریڈ کا اہتمام سن 1989ء سے لے کر 2006ء تک جرمن دارالحکومت برلن میں سالانہ بنیادوں پر کیا جاتا رہا لیکن پھر سن 2007ء میں اس پریڈ کی روایت برلن سے جرمنی کے دوسرے شہر منتقل ہوئی۔
لَو پریڈ کو دنیا کی سب سے بڑی ’ٹیکنو ڈانس پارٹی‘ کہا جاتا ہے۔ آجکل اس لَو پریڈ کا اہتمام ’ڈانس میوزک پارٹی‘ کے طور پر ہی کیا جاتا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ہر سال اس پریڈ میں عام طور پر دس لاکھ سے بھی زیادہ افراد شرکت کرتے ہیں۔ شرکاء میوزک پارٹی کے دوران رقص کرتے ہیں اور پریڈ کے دوران شراب اور بیئر کے مزے بھی لیتے ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر اسی قسم کے میلے شہر زیورخ، میکسیکو سٹی، ویانا، کیپ ٹاوٴن، تل ابیب، سڈنی اور اوسلو میں بھی منعقد کئے جاتے ہیں، جن میں ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: افسر اعوان